موسمی بیوپاریوں نے حکومتی احکامات ہوا میں اڑادیئے، جگہ جگہ مویشی منڈیاں، شہریوں کی مشکلات میں اضافہ

0 15

جہلم: موسمی بیوپاریوں نے حکومتی احکامات ہوا میں اڑادیئے، شہر کے چوک چوراہوں، گلی محلوں میں جگہ جگہ مویشی منڈیاں قائم، سڑکوں پر مویشیوں کا فضلہ شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ، قانون نافذ کرنے والے ادارے غائب ، بیوپاریوں نے شہر بھر میں جنگل کا قانون نافذ کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے اندرون شہر کے 2 مختلف مقامات جن میں فوجی مل گراؤنڈ اور چک خاصہ کے مقام پر مویشی منڈیاں قائم کی ہیں اور بیوپاریوں کو اپنے مویشی سرکاری منڈیوں میں منتقل کرنے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں۔

موسمی بیوپاریوں نے حکومتی احکامات کو پاؤں تلے روندتے ہوئے اندرون شہر کے گلی محلوں ، چوک چوراہوں میں جگہ جگہ خود ساختہ مویشی منڈیاں قائم کررکھی ہیں جس کیوجہ سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور سڑکوں پر مویشیوں کی وجہ سے مویشیوں کے فضلے سے ماحولیاتی گندگی بھی پھیل رہی ہے جس کا کوئی مناسب انتظام نہیں۔

شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ انتظامیہ نے بیوپاریوں کو سرکاری مویشی منڈیوں میں جانور منتقل کرنے کے سخت احکامات جاری رکھے ہیں اور دفعہ 144 بھی نافذ کررکھی ہے اس کے باوجود شہر کے گلی محلوں چوک چوراہوں میں درجنوں مویشی منڈیاں انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے مطالبہ کیاہے کہ شہر میں قائم ہونے والی خود ساختہ مویشی منڈیوں اور موسمی بیوپاریوں کو شہر سے باہر منتقل کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ شہریوں کوپیش آنیوالی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.