سود خوری آسمان و زمین کے مالک سے اعلان جنگ ہے۔ حافظ عبدالحمید عامر

جہلم: حرمت سود سے متعلق وفاقی شرعی عدالت کا تاریخی فیصلہ برقرار رکھا جائے۔
ان خیالات کا اظہار جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم حافظ عبدالحمید عامر نے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حرمت سود سے متعلق 28اپریل کو وفاقی شرعی عدالت نے ایک تاریخی اور قابل تحسین فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’سود سے پاک بینک کاری دنیا بھر میں ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی نظام سے سودکاخاتمہ شرعی اور قانونی ذمہ داری ہے۔‘‘ لیکن صد افسوس اسلامی جمہوریہ پاکستان میں 26جون کو وفاقی شرعی عدالت کے اس فیصلہ کے خلاف سٹیٹ بینک آف پاکستان اور چار نجی بینکوں نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے جو کہ اللہ تعالیٰ سے کھلم کھلا اعلان جنگ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی زمین پر امن و سلامتی کاضامن صرف نظام الٰہی کانفاذ ہے، لہٰذا جب بھی خالق کائنات کی ہدایات کے مخالف کوئی قانون اور نظام کسی بھی معاشرے میں نافذ کیاجائے گا تو لامحالہ اس سے بگاڑ پیداہوگا۔ سود بھی اسی طرح کی ایک لعنت ہے، جو معاشرے میں طبقاتی تقسیم پیدا کرتا ہے اور اس سے معاشرے میں اخلاقی اور تمدنی بگاڑ آتا ہے اور یہ قادرمطلق ذات سے اعلان جنگ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھلا وہ معاشرہ کیسے خیر وبھلائی حاصل کرسکتا ہے جو زمین و آسمان کے خالق و مالک سے ہی اعلان جنگ کر بیٹھے۔ مزیدان کاکہناتھاکہ وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے خلاف سٹیٹ بینک آف پاکستان اور چار نجی بینکوں نے جو سپریم کورٹ کی طرف رجوع کیا ہے، ہم اس غیر شرعی اقدام کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ حکومت پاکستان اور عدلیہ سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وفاقی شرعی عدالت کے تاریخی فیصلے کو برقرار رکھا جائے۔