جہلم کی سڑکوں پر پالتو آوارہ مویشیوں کی مٹر گشت، ٹریفک حادثات میں غیرمعمولی اضافہ

جہلم: اندرون شہر کی سڑکوں پر پالتو آوارہ مویشیوں کی مٹر گشت، میونسپل کمیٹی مویشی مالکان کو پابند کرنے میں بری طرح ناکام، ٹریفک حادثات میں غیر معمولی اضافہ، سڑکوں، گلیوں میں دن بھر آورہ پالتو مویشی گھومتے دکھائی دیتے ہیں، شہری سراپا احتجاج بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں مویشی مالکان سورج طلوع ہوتے ہی اپنے پالتو مویشی جن میں گائے، بھینس، بچھڑوں، بکریوں، گدھوں، گھوڑوں وغیرہ کو سڑکوں، گلیوں میں کھلا چھوڑ دیتے ہیں جو شہر کی مرکزی سڑکوں پر دندناتے دکھائی دیتے ہیں۔
آوارہ مویشیوں کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک جام ہو کررہ جاتی ہے اور حادثات میں بھی غیر معمولی اضافہ ہو چکا ہے، سڑکوں پر مویشیوں کے دھرنے اور چہل قدمی کے باعث ٹریفک کا نظام بری طرح درہم برہم ہو جاتا ہے۔ ٹریفک حادثات کے خدشات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، لاوارث مویشیوں کو سڑکوں سے ہٹانے کی کوشش کی صورت میں مویشی مالکان گاڑیوں، موٹر سائیکلز ڈرائیورز و مالکان سے لڑائی جھگڑے، گالی گلوچ پر اتر آتے ہیں۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کی گلیوں سڑکوں پر مٹر گشت کرنے والے آوارہ پالتو مویشیوں کو روکنے کے لئے کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ حادثات میں کمی واقع ہو سکے۔