جہلم کی عوام نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کردیا

0 25

جہلم کی عوام نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کردیا، حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ غریب عوام پر حکومت ظلم کے پہاڑ ڈھارہی ہے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا مطلب ہے کہ ملک میں مہنگائی کا نہ رکنے والا طوفان برپا کرنا ہے ، جس سے سب سے زیادہ متاثر عام آدمی ہو رہاہے ، حکومت کو غریب عوام کا کوئی خیال نہیں ، ہم کہاں جائیں کس کے آگے اپنی فریاد کریں۔

شہر کی سماجی ، رفاعی ، فلاحی ، کارروباری ، مذہبی ، شہری تنظیموں کے عمائدین نے جہلم پریس کلب کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا مطلب ہر چیز کی قیمت میں اضافہ کرنا ہے ، عوام پر ان کی بساط سے بڑھ کر بوجھ ڈالا جارہاہے ، انہوں نے کہا کہ گھروں کا چولہا جلانا مشکل ترین ہو چکا ہے ، حالات دن بدن بد سے بدتر ہوتے جارہے ہیں۔

محنت کشوں کا کہنا ہے کہ تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ نہیں کیا جارہا ہر روز اشیاء خوردونوش کی قیمتیں بڑھتی جارہی ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ان حالات میں صرف فری اینڈ فیئرالیکشن ہونے چاہیے، مہنگائی بیروزگاری سمیت کارروبار نہیں ہوگا تو لوگ چوری و ڈکیتیاں کرنے پر مجبور ہونگے ، ملکی حالات کو اس قدر خراب نہیں کرنا چاہیے، اسی وجہ سے ہر محکموں کے ملازمین سائلین کے گلے کاٹنے شروع کر دیں گے، موجودہ حالات میں سب سے زیادہ متاثر ملازم پیشہ افراد ہیں، اس وقت تو قرضے لے لے کر گھروں کے اخراجات پورے کئے جارہے ہیں ، دوسری جانب یوٹیلیٹی سٹورز پر بھی اشیاء خوردونوش موجودنہیں نہ گھی مل رہا ہے اور نہ ہی چینی دستیاب ہے ، مہنگا پٹرول، مہنگی بجلی ہونے کے باوجود دستیاب نہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ہم لوگ ظلم سہنے کے عادی ہو چکے ہیں اس مشکل گھڑی میں عوام خود کشیاں نہ کریں تو کہاں جائیں ، شہر کی سماجی ، رفاعی ، فلاحی ، مذہبی تنظیموں کے عمائدین نے حکمرانوں سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ خدارا عوام کی حالت پر رحم کریں تاکہ خودکشیوں ، لوٹ مار، کرپشن میں کمی واقع ہو سکے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.