گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین جہلم میں ڈینگی آگاہی بارے سمینار اور واک کا اہتمام

جہلم: گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین جہلم میں ڈینگی آگاہی بارے سمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر کالج کی پرنسپل محترمہ نسرین عارف نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کا مرض پہلے کی نسبت زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے جسے صفائی نصف ایمان کے تحت مسلسل کوشش اور حفاظتی تدابیر سے ہی روکا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قدرت الٰہی ایک مچھر کے ذریعے قوم سے اپنی نا فرمانیوں کا انتقام لے رہی ہے، ڈینگی صاف پانی سے پیدا ہوتا ہے ،ڈینگی کا خاتمہ ایمان کی قوت سے ہی ممکن ہے۔
فوکل پرسن عائشہ عبدالمجید نے کہا کہ ڈینگی سے آگاہی پورے معاشرے کی بہتری کے لئے ضروری ہے۔ اگر عوام کو ڈینگی کی سنگینی کا علم ہو جائے،تو وہ سب کچھ چھوڑچھاڑ کر اس کے خاتمہ کیلئے جت جائیں۔ سیمینار میں اساتذہ اور دفتری عملہ نے بھی شرکت کی۔
سیمینار کے شرکاء جن میں اسسٹنٹ پروفیسر غزالہ خان، اسسٹنٹ پروفیسر بشریٰ ناہید اسسٹنٹ پروفیسر غزالہ شفیق نے ڈینگی سے بچاؤ کے ضابطہ اخلاق سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ گھروں کے اندر کھلے برتنوں، کولرز اور گملوں میں پانی نہ کھڑا ہونے دیں تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کو کنٹرول کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ڈینگی لاروا کی افزائش روکنا عوام کے بھرپور تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔ ماحول کو صاف ستھرا رکھ کرہی ڈینگی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے اساتذہ کرام پر زور دیا کہ وہ ڈینگی بخار کے حوالے سے گھر والوں اور اردگرد کے افراد سمیت طلبہ و طالبات میں زیادہ سے زیادہ شعور اجاگر کریں تا کہ اس مرض کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔
بعد ازاں ڈینگی بخار سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر بارے آگہی کے سلسلہ میں واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔