ہلال احمر کے زیرِاہتمام سی ای او ہیلتھ آفس میں فرسٹ ایڈ پروگرام کے حوالے سے اہم اجلاس

جہلم: ہلال احمر پاکستان کے زیرِاہتمام سی ای او ہیلتھ آفس میں فرسٹ ایڈ پروگرام کے حوالے اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈاکٹر میاں مظہر حیات سی ای او ہیلتھ، ڈاکٹر وسیم اقبال پی ایم او، محمد سلیمان فرسٹ ایڈ کوآرڈینیٹر سمیت دیگر عہدیداراں نے شرکت کی۔
محمد سلیمان فرسٹ ایڈ کوآرڈینیٹر پنجاب نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ فرسٹ ایڈ کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ اگر خدا نخواستہ گھر یا گھر سے باہر کس قسم کا حادثہ پیش آجائے۔یا کسی کو اچانک بیماری کا حملہ ہو جائے تو فرسٹ ایڈ کی ٹریننگ لینے والا اس مریض یا حادثے کا شکار ہونے والے کو ابتدائی طبی امداد (فرسٹ ایڈ) دے کر اس قابل بنا دے کہ اسے کسی نزدیک ترین ہسپتال پہنچایا جا سکے۔
اس میٹنگ میں ان بیماریوں اور حادثات کے متعلق بھی بڑی تفصیل سے بتایا گیا۔جن میں فوری طور پر ابتدائی طبی امداد دی جاسکتی ہے۔
محمد سلیمان فرسٹ ایڈ کوآرڈینیٹر نے بتایا کہ جہلم میں منیب ظفر ہاشمی ڈسٹرکٹ فرسٹ ایڈ آفیسر کچھ عرصے سے مختلف اداروں میں فرسٹ ایڈ ٹریننگ بڑی محنت اور لگن سے کروا رہے ہیں، جلد ہی فرسٹ ایڈ ٹریننگ کا یہ سلسلہ سکولوں اور کالجوں میں شروع کر دیا جائے گا۔
اجلاس کے اختتام پر ڈاکٹر میاں مظہر حیات نے فلاحی تنظیموں، سکولوں اور کالجوں کے سربراہان میں فرسٹ ایڈ کٹس باکس تقسیم کیے۔