مون سون کی بارشوں کا دوسرا سلسلہ شروع ہونے کو، جہلم شہر کے نالوں کی صفائی نہ ہو سکی

0 12

جہلم: مون سون کی بارشوں کا دوسرا سلسلہ شروع ہونے کو ہے اس سے قبل شہر میں موجود چھوٹے بڑے برساتی نالوں کی صفائی ستھرائی کو یقینی نہ بنایا جاسکا اورنہ ہی برساتی پانی کی بروقت نکاسی کے خاطر خواہ انتظامات کیے گئے، شہریوں کو بارشوں کے دنوں میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ اندرون شہر میں قائم چھوٹے بڑے نالوں کی صفائی ستھرائی کو ابھی تک مکمل نہیں کیا گیا، نالوں میں گندگی جوں کی توں جمع ہے جبکہ نالوں پر قائم تجاوزات کیوجہ سے نالوں کی صفائی ستھرائی میونسپل کمیٹی کے لئے چیلنج بن کر رہ گئی ہے، نکاسی آب کے نالوں پر قائم ہونے والی تجاوزات کا خاتمہ بھی نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے معمولی بارش سے گلی محلوں کا پانی سڑکوں پر جمع ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی کے شعبہ انکروچمنٹ کی ملی بھگت کیوجہ سے بااثر افراد نے نکاسی آب کے نالوں پر پختہ تعمیرات کرکے نالے بند کر دیئے ہیں جس کیوجہ سے بارشوں کے موسم میں علاقہ مکینوں ، دکانداروں اور سڑکوں پر سے گزرنے والے افراد کو سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیاہے کہ نکاسی آب کے نالوں پر قائم ہونے والی تجاوزات کے خاتمے کے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ سیوریج اور بارشوں کا گندہ پانی دریا برد ہو سکے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.