جہلم کے شہری بجلی کی طویل بندش کی وجہ سے حبس اور گرمی سے بلبلا اٹھے

جہلم کے شہری بجلی کی طویل بندش کی وجہ سے حبس اور گرمی سے بلبلا اٹھے، مضافاتی علاقوں میں بجلی وولٹیج کی کمی بیشی کے باعث برقی آلات جلنے کی اطلاعات، صارفین کو ہزاروں، لاکھوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں جن میں اسلام پورہ، کریم پورہ، پروفیسر کالونی، آفیسرکالونی، جادہ ،شمالی محلہ، کالا گجراں ، ڈھوک فردوس، ڈھوک جمعہ ، ڈھوک مقرب، مدینہ ٹاؤن، ٹاہلیانوالہ، بلال ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں علی الصبح سے بجلی کی بندش کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔
واپڈا شکایت نمبرکا رسیور آف کرکے معلومات حاصل کرنے کی سہولت ختم کر دی جاتی ہے جبکہ گریڈ اسٹیشن کے ذمہ داران صارفین کو مطمئن کرنے کی بجائے ٹال مٹول سے کام لیتے ہیں اس کے علاوہ دفتر میں جا کر شکایت کروانے والوں کے ساتھ واپڈا ملازمین انتہائی غیر مناسب رویہ اپناتے ہیں، بجلی کی اعلانیہ و غیر اعلانیہ بندش کیوجہ سے شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں پانی کی بھی قلت پیدا ہو جاتی ہے جس کے باعث شہری، خواتین بچے شدید مشکلات کا شکار ہو جاتے ہیں۔
صارفین بجلی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گرمی کی شدت کے ساتھ ہی بجلی کا غائب رہنا معمول بن چکاہے جس کیوجہ سے پانی کی بھی شدید قلت پیدا ہو جاتی ہے ، بجلی کے بھاری بل ادا کرنے کے باوجود بجلی کی بندش سمجھ سے بالا تر ہے۔
صارفین نے وفاقی وزیر پانی و بجلی، آئیسکو چیف سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کو یقینی بنایاجائے اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا اعلان کیاجائے تاکہ شہری بنیادی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔