بھٹہ مالکان لیٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ تعاون کریں اور مل کر کام کریں۔ مطاہر حیات وٹو

جہلم: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مطاہر حیات وٹو کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر ہمایوں، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر چوہدری واجد حسین، ڈی او لیٹریسی میمونہ انجم، ڈپٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی رانا خالد و دیگر ضلعی افسران اور بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے شرکت کی۔
اجلاس میں بھٹہ جات کے متعلق شکایات چائلڈ لیبر، جبری مشقت، انسانی سمگلنگ کی روک تھام، لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے تحت کام کرنے والے سکولوں میں درپیش مسائل، بھٹوں کی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی، سوشل سیکورٹی کارڈز کے اجراسمیت دیگر معاملات کا تفصیلا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مطاہر حیات وٹو نے کہا کہ بھٹہ مالکان لیٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ تعاون کریں اور مل کر کام کریں تاکہ بھٹہ خشت مزدوروں کے بچوں کو سکولوں میں بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں، یہ ہم سب کی ذمہ داری بھی ہے اور صدقہ جاریہ بھی ہے۔
مزیدایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مطاہر حیات وٹو نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات کو سختی سے ہدایت کی کہ بھٹوں کی انسپکشن کے عمل کو تیز کریں، زگ زیگ ٹیکنالوجی کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا سموگ ماحول کے لیے انتہائی خطرناک ہے جو کہ مختلف بیماریوں اور ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کا باعث بن رہی ہے، حکومتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا۔ اس کے علاوہ انہوں نے انسانی اسمگلنگ اور چائلڈ لیبر کی روک تھام کے حوالے سے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔