سورج سوا نیزے پر، ضلع جہلم میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14گھنٹے سے تجاوز کرگیا

جہلم: بجلی کی تباہ کن لوڈ شیڈنگ کا گرمی سے گٹھ جوڑ، شہریوں کا برا حال، 12 سے 14 گھنٹے بجلی بند رہنے سے نظام زندگی مفلوج ، شہریوں کی حکومت پر کڑی تنقید، جھوٹے وعدے کرنے والے حکمران اپنی نااہلی واضح کر چکے آئندہ الیکشن میں ان کو سبق سکھائیں گے۔
یہ بات ضلع جہلم کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے کہی۔ شہریوں نے بتایا کہ شہری علاقوں میں آٹھ سے دس گھنٹے جبکہ دیہاتی علاقوں میں چودہ سے سولہ گھنٹے لو ڈشیڈنگ نے جینا محال کر دیا ہے گھروں کے اندر ایسے لگتا ہے جیسے آگ لگی ہو، گرمی کی شدت کے ساتھ ساتھ بجلی والوں نے بھی بغیر کسی شیڈول کے کئی کئی گھنٹے ذلیل کرنا معمول بنالیاہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سارا دن جب کاروباری ادارے کھلے ہوتے ہیں اور بجلی کا بے انتہا استعمال ہو تا ہے اس وقت کم بجلی بند کی جاتی ہے جبکہ شام ہوتے ہی جب سب کاروبار ، ادارے بند ہوجاتے ہیں اس وقت تین تین گھنٹے بجلی بند کرکے ساری ساری جاگنے پر مجبور کر دیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گھروں میں عورتوں بچوں اور مریضوں کا برا حال ہے لیکن نام نہاد خادم اعظم کی ٹیم کو سمجھ ہی نہیں آ رہی کہ لوڈ شیڈنگ کیسے ختم کی جائے۔