جہلم میں دودھ دہی فروشوں نے دیدہ دلیری سے سرکاری نرخنامے ہوا میں اڑا دیئے

0 17

جہلم: پرائس مجسٹریٹس غائب، شہری گراں فروشوں کے ہاتھوں لٹنے پر مجبور، دودھ دہی فروشوں نے دیدہ دلیری سے سرکاری نرخنامے ہوا میں اڑا دیئے۔ دودھ سرکاری نرخ 110 کی بجائے 130 روپے جبکہ دہی سرکاری نرخ 120 کی بجائے 140 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے، شہری ضلعی انتظامیہ کے افسران دودھ دہی کی ناجائز منافع خوری روکنے میں بری طرح ناکام نظر آ رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے شہر سمیت ضلع بھر میں ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر رکھا ہے جس میں ضلعی افسران سمیت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کو جرمانے اور ان کے خلاف مقدمات کا اندراج کر رہے ہیں۔

دوسری جانب شہر سمیت ضلع بھر میں دودھ دہی فروش مصروف ترین سڑکوں اور گلی محلوں میں سرعام دیدہ دلیری سے سرکاری نرخنامے کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے دودھ اور دہی کے من مرضی کے نرخ وصول کررہے ہیں۔

شہریوں کا اس بارے کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ سرکاری نرخنامے میں دودھ فی کلو 110 روپے جبکہ دہی کے نرخ فی کلو 120 روپے مقررہیں لیکن دودھ ، دہی فروخت کرنے والوں نے حکومتی نرخنامے ردی کی ٹوکری میں پھینکتے ہوئے من مرضی کے نرخوں پر دودھ، دہی کی فروخت شروع کررکھی ہے۔

شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.