جہلم کے گنجان آباد علاقہ شمالی محلہ میں نالے بند ہونے سے گلیاں ، سڑکیں ندی نالوں کی منظر کشی کرنے لگیں

0 10

جہلم: شہرکے گنجان آباد علاقہ شمالی محلہ میں قائم نالے بند ہونے سے گلیاں ، سڑکیں ندی نالوں کی منظر کشی کرنے لگیں ، نالوں کی صفائی ستھرائی نہ ہونے کیوجہ سے سیوریج کا گندہ پانی گلیوں ، سڑکوں میں جمع ہونے سے علاقہ مکینوں کو آمدورفت میں پریشانی کا سامنا ، گندے پانی سے موذی امراض پھوٹنے کا اندیشہ ، علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق اندرون شہرکے گنجان آباد علاقہ شمالی محلہ اصل مہر چوک گلی مہر عبدالرشید ، مسجد بلال شمالی محلہ میں قائم نالے کی بروقت صفائی ستھرائی نہ ہونے سے سیوریج کا گندہ پانی سڑکوں ، گلیوں محلوں میں جمع ہونا شروع ہو چکا ہے ، جس کی وجہ سے راہگیروں، موٹر سائیکل سواروں سمیت مسجد میں آنے والے نمازیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے ، علاقہ مکینوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی کی جانب سے نالے کی صفائی ستھرائی نہ ہونے کیوجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

شہریوں نے کہا کہ حسب سابق روایت نالے کی صفائی کی طرف میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ توجہ نہیں دے رہی جس کی وجہ نکاسی آب کے نالے میں گندہ پانی بھر جانے کیوجہ سے پانی سڑکوں ، گلیوں میں ندی نالوں کی طرح جمع ہو رہاہے۔ شہر کے مرکزی علاقہ شمالی محلہ میں گندہ پانی جمع ہونے سے علاقہ مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ کروڑوں روپے کی لاگت سے بچھائی جانے والی سیوریج لائنیں ناقص منصوبہ بندی کیوجہ سے ناکارہ پڑی ہیں ۔ انتظامیہ گندے پانی کی نکاسی کے لئے قائم ہونے والے نالوں کی صفائی ستھرائی پر بھی دھیان نہیں دے رہی جس کیوجہ سے گندہ پانی جوہڑ کی شکل اختیار کرچکا ہے۔انتظامیہ نے بروقت توجہ نہ دی تو ڈینگی مچھر کو کوئی روک نہیں سکے گا۔ انتظامیہ کو چاہیے کہ پہلی فرصت میں نالے کی صفائی ستھرائی کروائے تاکہ شہری تعفن اور موذی امراض سے محفوظ رہ سکیں ۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.