عوامی مفاد کے منصوبے روکنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔ فواد چوہدری

0 21

جہلم: فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جلالپورشریف تا کندوال نہر، للِہ تا جہلم دورویہ سڑک،ٹوبھہ میں ٹراما سنٹر کی تعمیر، جہلم بالخصوص تحصیل پنڈدادنخان کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل منصوبے ہیں ان کی جلد سے جلد تعمیر علاقے کی تعمیروترقی اور خوشحالی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی راہنماء و سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ میں نے سابق وزیر اعظم عمران خان سے یہ منصوبے منظور کروائے 43 ارب روپے سے جلالپور نہر،سولہ ارب سے للِہ جہلم دورویہ سڑک اور موٹروے کے قریب ٹوبھہ میں ٹراما سنٹر کی تعمیر تیزی سے جاری تھی۔

انہوں نے کہا کہ للِہ جہلم روڈ کا فیز ون مصری موڑ سے بخاری چوک اور للہ انٹر چینج سے پنڈدادنخان تک چھ ماہ میں مکمل ہونا تھا لیکن رجیم چینج کے ذریعے حکومت تبدیل کروا کر ملک و قوم پے ڈاکو مسلط کر دئیے گئے جنہوں نے اقتدار سنبھالتے ہی عوامی مفاد کے منصوبے روک کر ایک دفعہ پھر ذاتی تجوریاں بھرنا شروع کر دیں ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ للِہ جہلم روڈ تباہ حال ہے ذرا سی بارش سے علاقہ دریا کا منظر پیش کرتا ہے،ایک گھنٹے کا سفر لوگ پانچ پانچ گھنٹوں میں کرنے پے مجبور ہیں، مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے، حکومت پنجاب نے اس سال صرف پچاس کروڑ روپے اس میگا پراجیکٹ کے لیے مختص کیے،ٹوبھہ کے ٹراما سنٹر کے لیے بھی فنڈز روک دئیے، نہر کا کام بھی سست روی کا شکار ہے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ پنجاب کی جعلی سرکار این اے 67 کی عوام سے پی ٹی آئی کو ووٹ دینے اور عمران خان پر اعتماد کا اظہار کرنے کا بدلہ لے رہی ہے،عوامی مفاد کے منصوبوں کو انتقامی کارروائیوں اور سیاست کی بھینٹ چڑھایا جارہا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ عوامی مفاد کے منصوبے روکنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے عوام کے حقوق کے لیے ہر محاذ پر لڑیں گے ہر سطح پر بھر پور احتجاج کریں گے۔ للِہ جہلم روڈ کی تعمیر کے لیے اعلی عدالت پٹیشن دائر کر دی ہے یہ منصوبہ عوامی منصوبہ ہے کسی ایک جماعت کا نہیں،فنڈز محدود کرنے اور منصوبے کی سست روی پرآج اس حلقے سے پی ٹی آئی، مسلم لیگ (ن) اور دیگر جماعتوں کے کارکنان بھی ہمارے ساتھ احتجاج میں یک زبان ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ میں پی ٹی آئی کے ورکرز، حلقہ این اے 67 کے باسیوں اور مسلم لیگ (ن) سمیت دیگر جماعتوں کے کارکنان کا مشکور ہوں جنہوں نے للِہ جہلم روڈ،ٹوبھہ ٹراما سنٹر اور جلالپور نہر کے فنڈز روکنے پر ہمارا ساتھ دیا، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہم کسی جماعت میں بھی ہوں اپنے علاقے کے لیے اکٹھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ تمام منصوبوں کے فنڈز نہ صرف جاری کروائیں گے بلکہ انکو پایہ تکمیل تک بھی پہنچائیں گے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.