مون سون سیزن میں واپڈا مکمل طور پر الرٹ رہے۔ ڈپٹی کمشنر جہلم کامران خان

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم کامران خان کی زیرصدارت مون سون بارشوں کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سیف اللہ ساجد، اسسٹنٹ کمشنر جہلم، ایس ای واپڈ، ایس ڈی او واپڈا، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے واپڈا حکام کو ہدایت کی کہ مون سون سیزن میں واپڈا مکمل طور پر الرٹ رہے، بجلی کے پولز اور دیواروں کے ساتھ لٹکتی ہوئی بجلی کی تاروں کا مناسب بندوبست کیا جائے، بجلی کی ننگی تاروں کو کور کیا جائے اور بجلی کے پولز کو ارتھ فری بنانے کے لیے بھی تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ واپڈا حکام ڈسٹرکٹ ایمرجنسی کنٹرول روم کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور کنٹرول روم میں واپڈا اہلکار کی حاضری کو یقینی بنایا جائے۔ مون سون سیزن کے دوران تمام واپڈا کے افسران و اہلکاران مکمل ویجیلنس کے ساتھ دی گئی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔