جہلم میں مہنگائی کا سونامی داخل، دودھ کی قیمتوں میں اضافہ، شہری سراپا احتجاج

جہلم: شہر اور گردونواح میں مہنگائی کا سونامی داخل شہری سراپا احتجاج، شہر کے گوالوں نے از خود دودھ کے نرخوں میں اضافہ کر دیا،شہری حکومت کے خلاف سراپا احتجاج ،حکومت کے مقررہ کردہ نرخوں پر یقینی بنانے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق گوالوں نے حکومتی احکامات کو ہوا میں اڑاتے ہوئے دودھ کی قیمتوں میں بھی من مانا اضافہ کر دیاہے ، ضلعی حکومت نے دودھ کے نرخ 110 فی لیٹر فروخت کرنے کے احکامات جاری کررکھے ہیں جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے دودھ فروشوںنے نرخ نامے تو آویزاں کر رکھے ہیں لیکن دودھ من مرضی کے نرخوں پر فروخت کیا جارہاہے۔
دودھ فروشوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اشیاء کی خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہو چکا ہے۔ حکومت نے دودھ کے نرخوں میں اضافہ نہیں کیا جس کی وجہ سے مجبوراً 20 روپے فی لیٹر اضافہ کر رہے ہیں۔
دوسری جانب شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ حکومت کی رٹ کمزور ہو چکی ہے، چھوٹے شہروں میں ڈیری مالکان ونڈا وغیرہ استعمال نہیں کرتے بلکہ ان کی گائیں بھینسیں، بیلہ و دیگر مقامات سے گھاس پھونس کھا کر دودھ دیتی ہیں، ڈیری مالکان صرف بھینسوں کو زمینوں اور بیلے میں لیکر جاتے ہیں، اس لئے چھوٹے شہروں کے ڈیری فارمز مالکان کے وہ اخراجات نہیں ہوتے جو بڑے شہروں کے ڈیری مالکان کو اٹھانے پڑتے ہیں۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد کروانے کے لئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور ضلعی مشینری کو متحرک کرنا ہوگا تا کہ مہنگائی کی موجودہ لہر سے چھٹکارہ حاصل کیا جا سکے۔