جہلم میں رشوت کے بغیر پرفارمہ نہ بنا کر دینے پر شہری نے پٹواری کو دھو ڈالا

0 18

جہلم: بپھرے ہوئے سائل نے محکمہ مال کے اہلکار جاوید چھٹہ کی درگت بنا ڈالی، محکمہ مال کا پٹواری پچھلے کئی روز سے شہری کو چکر لگوا رہا تھا، تنگ آکر شہری نے لاتوں، مکوں، ٹھڈوں سے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، سائل پٹواری سے پرفارمہ پر کروانے کے لیے متعدد بار چکر لگا چکا تھا، گزشتہ روز بھی سائل کو لولی پاپ دینے پر شہری آپے سے باہر ہوگیا جس پر شہری نے غصے میں آکر پٹواری کو دھو ڈالا۔

تفصیلات کے مطابق موضع پیراغیب کا پٹواری جو کہ رشوت کے بغیر کام نہ کرنے کی وجہ سے اپنی الگ پہچان رکھتا ہے نے گزشتہ روز ایک سائل یونس گوندل جگہ کی رجسٹری کے سلسلہ میں جاوید چھٹہ کے پاس آیا جس نے حسب سابق روایت جیب گرم نہ ہونے کیوجہ سے کام کرنے سے انکار کردیا اور رجسٹری پر اعتراضات لگاتے ہوئے کاغذات پھینک کر کہا کہ رجسٹری دوبارہ لکھوا کر لاؤ۔

اس پر سائل یونس گوندل غصے میں آگیا، اس نے پٹواری جاوید چھٹہ کو پکڑ کر کمرے سے باہر نکال کر مارنا شروع کردیا اس طرح سائل نے پٹواری کی خوب درگت بنائی اور آزادانہ لاتوں، مکوں ٹھڈوں کا استعمال کرتے ہوئے خوب ٹھکائی کی جسے موقع پر موجود شہریوں نے بیچ بچاو کروا دیا۔

انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق یونس گوندل اپنی جگہ کی رجسٹری کی غرض سے پچھلے کئی روز سے محکمہ مال کے پٹواری جاوید چھٹہ کے پاس چکر لگا رہا تھا کہ پٹواری موقع چیک کر کے پرفارمہ پر کردے تو جاوید چھٹہ پٹواری اپنے مخصوص طریقہ کار کو استعمال کرتے ہوئے ٹال مٹول سے کام لیتا رہا تا کہ سائل خود پٹواری کی خواہشات کا احترام کرے۔

اس طرح گزشتہ روز بھی جاوید چھٹہ نے پرفارمہ پر کرنے اور موقع ملاحظہ کرنے سے صاف انکار کیا تو یونس گوندل نامی شہری نے پٹواری کی خوب خاطر تواضع کی، شہریوں کے بیچ بچاو کروانے کے بعد صلح کروادی گئی۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ جاوید چھٹہ نے صلح کو اس لیے غنیمت جانا کہ تھانے میں انکوائری کے دوران اسے بھی باربار چکر لگوانے پڑیں گے، اس طرح معززین علاقہ نے مداخلت کرکے پٹواری جاوید چٹھہ اور یونس گوندل کے مابین صلح کروا دی۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ کرپٹ ، بدعنوان پٹواریوں کو جوعرصہ دراز سے اندرون شہر کے پٹوار حلقوں میں تعینات ہیں دوردارز مضافاتی علاقوں میں ٹرانسفر کئے جائیں تاکہ رشوت ،بدعنوانی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.