سٹی پوسٹ گریجویٹ کالج جہلم کی طالبات نے گجرات یونیورسٹی میں پہلی تینوں پوزیشنز حاصل کر لیں

جہلم: سٹی پوسٹ گریجویٹ کالج کی ہونہار طالبات نے یونیورسٹی آف گجرات کے حالیہ منعقدہ 2021 ایم ایس سی اپلائیڈ سائیکالوجی کے امتحانات میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے یونیورسٹی بھر میں پہلی تینوں پوزیشنز حاصل کر کے ضلع جہلم کالج اور اساتذہ کا نام روشن کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز یونیورسٹی آف گجرات نے ایم اے / ایم ایس سی کے نتائج کا اعلان کر دیا اور شعبہ ایم ایس سی اپلائیڈ سائیکالوجی میں سٹی پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین کی ہونہار طالبات نے سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے یونیورسٹی بھر میں پہلی تینوں پوزیشنز پر قبضہ جمائے رکھا۔
سٹی پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین کی طالبات آمنہ تن زارہ رولنمبر 165016 نے سابقہ ریکارڈ توڑتے ہوئے 929/1000 حاصل کرکے شعبہ ایم ایس سی اپلائیڈ سائیکالوجی میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور گولڈ میڈل حاصل کیا، اس سے قبل سٹی پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین کی ہونہار طالبہ ارم مجید نے 2017 میں 924 نمبر حاصل کر کے یہ ریکارڈ قائم کیا ۔
ہما مجید نے رولنمبر 165020 نے 926 نمبر حاصل کرکے شعبہ ایم ایس سی اپلائیڈ سائیکالوجی میں یونیورسٹی میں دوسری پوزیشن حاصل کی اور ایمل عرفان رولنمبر 165022 نے 924 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
مجموعی طور پرسٹی پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین کی 24 طالبات نے سالانہ امتحان منعقدہ 2021 یونیورسٹی آف گجرات میں ایم ایس سی اپلائیڈ سائیکالوجی میں شرکت کی اور تمام طالبات نے پہلی پوزیشن سے امتحان پاس کیا اور اس طرح کالج کے نتائج 100 فیصد رہے۔
سٹی پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین کے چیئرمین پروفیسر مناظر حسین قریشی، پرنسپل محترمہ آصفہ مناظر نے ہونہار طالبات کو مبارک باد دی اور اہل علاقہ، معززین سمیت شعبہ تعلیم سے وابستہ پروفیسرز صاحبان نے ادارے کی انتظامیہ، اساتذہ اور طالبات کو ضلع جہلم کے لئے شاندار تعلیمی نتائج پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کیااور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔