عمران خان کی کال پر جہلم میں مہنگائی کے خلاف پی ٹی آئی کارکنوں کا احتجاج

جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی کال پر کارکن ضلعی قیادت کی سرپرستی میں مہنگائی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پرنکل آئے، پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے مہنگائی کے خلاف مرکزی دفتر سے شاندار چوک تک ریلی نکالی۔ ریلی میں پی ٹی آئی کے کارکنوں سمیت شہری، سماجی، رفاعی، فلاحی، تنظیموں کے عمائدین سمیت تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی، مظاہرین نے ہاتھوں میں کتبے اور بینرز اٹھارکھے تھے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی کال پر گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی دفتر کے باہر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری فراز حسین سمیت عہدیدارن بھی موجود تھے، پی ٹی آئی کے کارکنوں نے یوٹیلیٹی بلز اور روٹیاں اٹھا رکھی تھیں۔
اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری فراز حسین نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ نے پھلتا پھولتا پاکستان تباہ کر دیا، پاکستان کو ان نالائقوں، نااہلوں اور اداروں کو تباہ کرنے والے حکمرانوں کے ہاتھ یرغمال نہیں بننے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اناڑیوں نے ملک کواجاڑکر رکھ دیا اب حکمرانوں کو گھر بھیجنے کے لئے غیور باغیرت عوام کو سڑکوں پر نکلنا ہوگا،جب ووٹ کی بے حرمتی کی جائے گی تو قوم اور معاشرہ ایسے حکمرانوں سے نجات حاصل کرنے کے لئے سڑکوں پرنکلے گا۔ ملک اناڑیوں کے حوالے کر دیا گیا ہے ، ملک کو تباہی پر لا کھڑا کر دیا گیا ہے، اب حکمرانوں کا مقدر جیل ہے۔
ضلعی صدر چوہدری غلام احمد زمرد نے کہا کہ ملک میں جتنی مہنگائی ہوچکی ہے اب حکمرانوں کی رخصتی ضروری ہے، روزمرہ استعمال کی تمام اشیا مہنگی نہیں بہت مہنگی ہو گئی ہیں۔ حکمران خود کو اوراپنے حواریوں کو بچانے کے لئے قانون میں ترامیم کررہے ہیں اب گوشہباز گو سے کام نہیں چلے گا عوام کو عملی طور پرکچھ کرنا ہوگا اوران حکمرانوں کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھجوانا ہوگا۔
چوہدری غلام احمد زمرد نے کہا کہ مہنگائی کا عفریت عوام کی خوشیا ں نگلتا جا رہا ہے ،حکومت نے عوام سے روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا ہے ،مظاہروں اور جلوسوں کے بعد ہم اسلام آباد کی طرف جائیں گے ، عوام تیاری کریں اب ا لیکشن قریب تر ہیں۔
انہوں نے ضلع جہلم کی غیور،نڈر ، دلیر عوام سے مطالبہ کیا کہ ظالم حکومت سے نجات حاصل کیے بغیر ملک اور عوام کی معاشی حالت نہیں سدھرے گی۔ حکومت کو مزید وقت دینے کا مطلب عوام کی مزید تباہی، مزید مہنگائی، مزید بے روزگاری ہے۔ امپورٹڈ حکمرانوں نے غریب کے منہ سے نوالہ چھین لیا ہے۔
ریلی مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی شاندار چوک کے مقام پر پہنچی جہاں ضلعی قائدین نے مظاہرین سے خطاب کئے ، مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ زاٹھائے ہوئے تھے جن پر مہنگائی اور امپورٹڈ حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔