جہلم کے بڑے تجارتی مراکز میں جا بجا پھیلی بجلی کی تاروں اور تجاوزات نے بازاروں کا حسن تباہ کر دیا

0 17

جہلم: شہر کے بڑے تجارتی مراکز میں جا بجا پھیلی بجلی کی تاروں اور تجاوزات نے بازاروں کا حسن تباہ کر دیا، بجلی کی بوسیدہ تاروں کی وجہ سے کسی بڑے حادثے کا خدشہ، اندرون شہر ٹریفک جام رہنا روزانہ کا معمول بن گیا، لمحوں کا سفر طویل دورانیے تک محیط ہو گیا۔

سروے کے مطابق شہر کے مین بازار، نیابازار، کباڑی بازار، بانو بازار، مرغی بازار، ٹرنک بازار،کالا گجراں بازار، روہتاس روڈ، بلال ٹاؤن سمیت دیگر چوک چوراہوں میں ہر طرف بجلی کی تاریں لٹکتی نظرآتی ہیں ، دکانوں کے داخلی و خارجی د روازوں کے اوپر سے تاریں گزر رہی ہیں ، جبکہ اکثر جگہوں پر تو کھمبوں کے ساتھ ہی میٹر نصب کر دیئے گئے ہیں کھمبے سے آنے والی بجلی کی تاروں سے کئی کئی درجن دکانوں کو کنکشن دے دیئے گئے ہیں ، ایسی تاریں جگہ جگہ سے کٹ لگنے کے باعث ننگی ہو چکی ہیں۔

بازاروں میں نصب کئے گئے ٹرانسفارمر زبھی پرانے ہوچکے ہیں جو زیادہ لوڈ برداشت نہیں کرسکتے اور دن میں متعدد بار ٹرپ کر جاتے ہیں جس کے باعث بازاروں میں بجلی بند ہونے سے دکانداروں سمیت خریداروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ٹیلی فون کی تاریں کیبل ٹی وی ، کیبل انٹر نیٹ کی تاریں بھی ان بجلی کے کھمبوں کے ساتھ لگا دی جاتی ہیں جس سے کھمبے تو نظر نہیں آتے ایسانظر آتا ہے کہ جیسے تاریں ہی تاریں لگادی گئی ہوں ، بازاروں میں تجاوزات مافیا نے بھی اپنے پنجے گاڑ رکھے ہیں جیسے ان کو کوئی پوچھنے والا ہی نہیں۔

میونسپل کارپوریشن کی جانب سے روزانہ آپریشن کے دعوے تو کیے جاتے ہیں لیکن عملی طور پر تجاوزات مافیا میونسپل کارپوریشن کے عملے سے کہیں زیادہ طاقت رکھتا ہے جس کی وجہ سے بازاروں کے دونوں اطراف ٹھیے، ریڑھی بانوں اور خوانچہ فروشوں نے قبضے جما رکھے ہیں ، جس کیوجہ سے خریداری کے لئے آنے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔

دکانوں کے سامنے فٹ پاتھوں پر بھی ٹھیے والوں نے قبضے کر رکھے ہیں ، بازاروں میں سڑکوں کے کناروں پر موٹر سائیکل اور گاڑیاں کھڑی کر دی جاتی ہیں جس کی وجہ سے رش بڑھ جاتا ہے اور ٹریفک طویل دورانیے تک جام ہوجاتی ہے، ایمرجنسی کی صورت میں ایمبولنسیں، فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی تجاوزات کیوجہ سے پھنس جاتی ہیں، مشین محلہ روڈ، اولڈ جی ٹی روڈ، کچہری روڈ، سول لائن روڈ، ریلوے روڈ، جادہ چوک، محمدی چوک، شاندار چوک ، روہتاس روڈچوک سمیت دیگر چوک چوراہوں پر دن کے اوقات میں مال بردار گاڑیاں کھڑی کرنے سے بھی سڑکوں پر ٹریفک جام ہوجاتی ہے۔

شہر کے بازاروں میں دکانوں کے سامنے دونوں اطراف موٹر سائیکل پارک کرنے سے سڑک کی کشادگی کم ہونے سے صرف ایک موٹر سائیکل ہی بمشکل گزرتی ہے اور سارا دن ٹریفک کے مسائل آڑے آتے رہتے ہیں، اس صورت حال سے خریداری اور دیگر کام کاج کے لئے آنے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

شہریوں نے وزیراعظم پاکستان ، وزیر اعلیٰ پنجاب ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ،کمشنر راولپنڈی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے ۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.