محتسب پنجاب کے حکم پر 32 افراد کو 44 ملین سے زائد کا مالی ریلیف فراہم کر دیا گیا

جہلم: محتسب پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کے حکم پر 18 اضلاع کے 32 افراد کو 44 ملین سے زائد کا مالی ریلیف فراہم کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق محتسب پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کے حکم پر لاہور، گوجرانوالہ، رحیم یارخان، بہاولپور، وہاڑی، ملتان، فیصل آباد، حافظ آباد، بہاولنگر، ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، میانوالی، منڈی بہاؤالدین، ڈیرہ غازی خان، ملتان، سرگودھا، شیخوپورہ اور گجرات سے تعلق رکھنے والے 32 درخواست گزار خواتین و حضرات کو 44اعشاریہ29ملین روپے کا قانونی ریلیف مہیا کیا گیا ہے۔
دریں اثناء دفتر محتسب پنجاب کی مداخلت کی بناء پر محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس ضلع میانوالی کے دوران ملازمت وفات پانے والے اہلکارکی بیوہ کا 8 سالہ پرانا مسئلہ حل ہو گیا ہے اور انہیں مالی امداد کی مد میں چار لاکھ روپے ادا کر دیے گئے ہیں۔ گوجرانوالہ کی شکایت کنندہ سیدہ طاہرہ یاسمین نے دوران ملازمت وفات پانے والے شوہر کے ساڑھے 56 لاکھ روپے سے زائد واجبات کی فراہمی پردفترمحتسب پنجاب کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔
ترجمان دفتر محتسب پنجاب نے آج یہاں جاری ایک بیان میں بتایا کہ ان درخواست گزار افراد کی شکایات کا تعلق محکمہ ہائے تعلیم، انہار، صحت، بلڈنگز، سولسٹرزآفس، زراعت، واسا، لیبر، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد، میٹروپولیٹن کارپوریشن فیصل آباد، لکٹر اشتمال ملتان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)ٹوبہ ٹیک سنگھ، ایگزیکٹوانجینئرہائی ویز ڈویژن میانوالی، اسسٹنٹ کمشنر ملکوال، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس، پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ اور ضلعی بہبود فنڈ بورڈ سے تھا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ شکایت کنندگان کویہ مالی ریلیف فیملی پنشن، واجبات رخصت، میرج گرانٹ، مالی امداد، ماہانہ گرانٹ، گریجویٹی، بقایاجات تنخواہ، ماہانہ پنشن کا اجراء اور کال ڈیپازٹ ریسیٹس کی واپسی کی مد میں فراہم کیا گیا ہے۔