آئیسکو جہلم کے ذمہ داران کی نالائقی، سول ہسپتال جہلم میں 18 گھنٹے سے بجلی بند

جہلم: آئیسکو سرکل اربن سب ڈویژن کے ذمہ داران کی نالائقی سول ہسپتال میں گزشتہ رات سے بجلی بند،ہسپتال انتظامیہ سمیت مریض سراپا احتجاج، وزیراعظم پاکستان سے نوٹس لینے کامطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات ہونے والی بارش کی وجہ سے سول ہسپتال میں درخت گرنے سے بجلی بند ہوگئی جس کی وجہ سے سول ہسپتال جہلم میں داخل مریضوں کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہاہے۔
ہسپتال انتظامیہ کا کہناہے کہ رات کو واپڈا اربن سب ڈویژن کے 2ملازم آئے تھے اور صبح 7بجے بجلی درست کرنے کا کہہ کر چلے گئے ،اب 18 گھنٹے سے زائد کاوقت گزرچکاہے، سول ہسپتال کے شعبہ ڈائیلاسز ،لیبر وارڈ ، میڈیکل وارڈ، چلڈرن وارڈ میں داخل مریض بجلی کی بندش اور حبس کیوجہ سے بلبلا رہے ہیں ۔
آئیسکو سرکل جہلم کے ذمہ داران کو تحریری و ٹیلیفونک متعدد مرتبہ آگاہ کر چکے ہیں لیکن واپڈا افسران بجلی کی درستگی میں سنجیدگی نہیں دکھا رہے ، جس کیوجہ سے مریضوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔
ہسپتال میں داخل مریضوں اور ان کے لواحقین نے وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیاہے کہ ضلع جہلم کے سب سے بڑے ہسپتال میں گھنٹوں بجلی کی بندش آئیسکو سرکل انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
شہریوں نے آئیسکو چیف اسلام آباد سے مطالبہ کیاہے کہ محکمانہ غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف انکوائری کروائی جائے غفلت ثابت ہونے پر متعلقہ ذمہ داران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے اور بجلی کو فی الفور بحال کروایا جائے تاکہ مریضوں کی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے۔