ڈالر اور ریال کی اڑان نے پرائیوٹ حج سکیم کا دیوالیہ نکال دیا

جہلم: ڈالر اور ریال کی اڑان نے پرائیوٹ حج سکیم کا دیوالیہ نکال دیا،53 روپے ریال کی قیمت رکھ کر پیکج بنانے والوںکو بینکوں نے 56 روپے تک ادا کرنے پر مجبور کردیا۔
ایک لاکھ روپے تک فی حاجی منافع رکھنے والوں کو منافع ڈالراور ریال نے اڑا کر رکھ دیا، اگر ڈالر اور ریال مزید اوپر جاتا ہے تو پرائیویٹ سکیم کے حج آرگنائزر کو پہلے سے 50 ہزار سے 1 لاکھ تک اپنی جیب سے ادا کرکے حج آپریشن مکمل کرنا ہوگا۔
عمران خان کی حکومت جانے اور اتحادیوں کی حکومت کے ڈالر ڈیڑھ سو پر لانے کے اعلانات سے خوش، حج آرگنائزر اپنی طرف سے زیادہ سے زیادہ 198 کا ڈالر رکھ کر پیکج ترتیب دیا تھا اب ڈالر 206 روپے تک پہنچ کر پاکستان میں نئی تاریخ رقم کر چکا ہے اور ابھی تک موجودہ حکمرانوں سے رکنے کا نام نہیں لے رہا۔
سعودی حکومت کی طرف سے 15 فیصد ویلیو ایڈٹیکس اور 5 فیصد میونسپلٹی ٹیکس لگنے کے ساتھ مکتب کی فیس ڈبل ہونے کے بعد2019 میں 10 لاکھ میں ادا کئے جانے والا حج اس سال 18 لاکھ میں ادا ہو گا۔5 لاکھ اکانومی والا 11 سے 12 لاکھ میں ادا ہو گا، جہاز کی ٹکٹ 2019 میں جو 1 لاکھ 26 ہزار کی تھی اب 2 لاکھ 26 ہزار کی فروخت ہورہی ہے ، رہی سہی کسر نجی بنکوں نے سعودیہ رقوم بھیجنے کی آڑ میں مارکیٹ سے ریال کی قیمت سے زائد 60 سے 90 فیصد تک لگا کر پوری کر دی ہے۔
وزیراعظم نے نوٹس نہ لیا اور ڈالر کی اڑان جاری رہی تو پرائیویٹ حج سکیم ڈوب جائیگی، 48 ہزار عازمین حج کے لئے غیر معمولی مشکلات پیدا ہونگی ، 2 سال حج بند ہونے سے تباہ حال کمپنیاں جو حج کی بحالی سے شادیانے بجا رہی تھیں ایک بار پھر تباہی کی طرف گامزن ہو جائیں گی ۔