شدید گرمی؛ سولر انرجی پلیٹس اور بیٹریوں کے ساتھ ساتھ جنریٹرز کی مانگ میں تیزی سے اضافہ

جہلم: گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ سولر انرجی پلیٹس اور بیٹریوں کے ساتھ ساتھ جنریٹرز کی مانگ میں تیزی سے اضافہ ہونا شروع ہو گیا۔
بیٹری کی قیمت میں 2ہزار سے 5ہزار روپے تک کا اضافہ جبکہ اسی طرح جنریٹرز اور سولر انرجی پلیٹوں کی قیمتوں میں بھی 5 ہزار سے 10 ہزار روپے تک کا اضافہ دیکھنے میں آرہاہے۔
گرمی کی شدت کی وجہ سے ہاتھ والا پنکھا جو قبل ازیں 50 روپے میں دستیاب ہوتا تھا اب اسکی قیمت بھی 150 روپے تک مقرر ہو گئی ہے، مٹی کے گھڑے واٹر کولر اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آرہاہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت سے بچاؤ کے لئے ان اشیاء کی اشد ضرورت ہوتی ہے، حکومت کو چاہیے کہ جب تک توانائی بحران پر قابو نہیں پایا جاتا اس وقت تک ان اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کی بجائے 50 فیصد تک کمی کی جائے تا کہ شہری اپنے گھروں میں سولر کے ذریعے بجلی پیدا کرکے لوڈشیڈنگ کے خاتمے میں حکومت کی مدد کر سکیں۔