بجلی کی بار بار ٹرپنگ، شہریوں کی لاکھوں روپے کی قیمتی الیکٹرونکس مصنوعات جلنے لگیں

جہلم: آئیسکو سرکل سول لائن اربن ، رورل سب ڈویژن کے ذمہ داران کی نا اہلی، شہر و ملحقہ علاقوں میں بجلی کی بار بار ٹرپنگ، شہریوں کی لاکھوں روپے کی قیمتی الیکٹرونکس مصنوعات جلنے لگیں، صارفین نے آئیسکو چیف سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پچھلے چند روز سے شہر و ملحقہ علاقوں جن میں جادہ، اسلام پورہ ، کریم پورہ، محلہ محمود آباد، مدینہ ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کی باربار ٹرپنگ کی وجہ سے شہریوں کی لاکھوں روپے کی قیمتی الیکٹرونکس اشیاء جل رہی ہیںاور یہ ٹریپنگ خصوصاً رات کے اوقات میں ہوتی ہے ، حبس اور گرمی نے عوام خصوصا بچوں کو ذہنی مریض بنا کر رکھ دیا ہے۔
شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ 20/30 سال قبل واپڈا نے جو ٹرانسفارمرز نصب کئے تھے آج بھی وہی ٹرانسفامرز نصب ہیں اور بجلی کی تاریں بھی خستہ حال ہو چکی ہیں جبکہ آبادیوں میں غیر معمولی اضافے اور بڑھتے ہوئے بجلی کے کنکشن کی وجہ سے آئے روزٹرانسفارمرز خراب ہو جاتے ہیں جبکہ بجلی کی تاروں کے لیول نہ ہونے کیوجہ سے تاریں اکثر اوقات آپس میں ٹکراجاتی ہیں جس کیوجہ سے بھی بجلی کی بار بار ٹریپنگ ہوتی ہے۔
شہریوں نے وزیر اعظم پاکستان وفاقی وزیر پانی و بجلی سے مطالبہ کیا ہے کہ 50 کے وی کے ٹرانسفارمرز کی جگہ 100 کے وی اور 100 کے وی کے ٹرانسفارمرز کی جگہ 200 کے وی کے ٹرانسفارمرز نصب کئے جائیں ، جبکہ بجلی کی تاروں کو لیول کرکے شہریوں کی مشکلات میں کمی لائی جائے ۔