جہلم شہرکے مضافاتی علاقوں میں قائم تندور شہریوں میں بیماریاں بانٹنے لگے

0 358

جہلم: شہرکے مضافاتی علاقوں میں قائم تندور شہریوں میں بیماریاں بانٹنے لگے ، گندے پانی سے آٹا گوند کر روٹیوں کی پکوائی جاری ، تندوروں پر کام کرنے والے کاریگر موذی امراض میں مبتلا ہونے کی اطلاعات، پنجاب فوڈ اتھارٹی نے تندوروں پر کام کرنے والے کاریگروں کے میڈیکل سرٹیفکیٹ چیک کرنے چھوڑ دیئے، شہری ناقص و غیر معیاری روٹی، نان کے استعمال سے بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم شہرسے ملحقہ علاقوں اسلام پورہ، کریم پورہ میں قائم تندور مالکان ناقص اور غلاظت شدہ پانی سے آٹاگوند کر روٹیاں پکا کر سادہ لوح شہریوں میں فروخت کر رہے ہیں جس کے استعمال سے شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

انتہائی باوثوق زرائع کے مطابق ان تندور مالکان نے اپنے تندوروں کے ساتھ ہی پانی کی ٹینکیاں بنا رکھی ہیں جس کے پانی سے برتن بھی دھوئے جاتے ہیں اور اسی پانی سے آٹا گوندھنے اور سالن وغیرہ بھی تیار کیا جاتا ہے۔

یہ ٹینکیاں عرصہ دراز سے مالکان نے صاف کرنے کی کبھی ضرورت محسوس نہیں کی جس کے باعث یہ ٹینکیاں، غلاظت اور پھوپھندیوں سے اٹی پڑیں ہیں اور ان ٹینکیوں میں جو پانی موجود ہوتا ہے وہ بھی کئی کئی ہفتے پرانا ہوتا ہے جس سے تندور مالکان آٹا گوندھ کر روٹیاں تیار کرکے شہریوں میں بیماریاں فروخت کر رہے ہیں۔

شہریوں نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی، کمشنر راولپنڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ شہراور ملحقہ آبادیوں میں قائم ان تندوروں کا تفصیلی معائنہ کیا جائے تاکہ اور تندور مالکان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ اور صفائی ستھرائی کو چیک کیا جائے تاکہ تندوروں سے غلاظت کا خاتمہ ہو سکے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.