امپورٹڈ حکمرانوں کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ چوہدری فراز حسین

جہلم: امپورٹڈ حکمرانوں کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، ہم بھکاری اور غلام قوم نہیں، عمران خان کی حکومت پر رات کی تاریکی میں امریکی غلاموں نے شب خون مارا ، عمران خان نے ڈٹ کر حرمت رسول ﷺ پر اپنا موقف منوایا۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری فراز حسین نے اخبار نویسوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے افغانستان سے امریکیوں کو نکالنے، ڈرون حملوں کو رکوانے میں اعلیٰ کردار ادا کیا، صحت کارڈ کی سہولت ملک کے غریب عوام کے لئے کسی تحفہ سے کم نہیں۔
انہوںنے کہا کہ جس طرح گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان کی کال پر شہری، سماجی، کارروباری، رفاعی، فلاحی تنظیموں نے پرامن ریلیاں نکال کر عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی اپیل پر پاکستان سمیت دنیاء بھر کے غیور، غیرت مند پاکستانیوں نے پرامن احتجاج کے ذریعے امریکہ پر واضح کیاہے کہ پاکستانی خود دارقوم ہیں ۔جو کسی صورت غلامی کو پسند نہیں کرتے۔
چوہدری فراز حسین نے کہا کہ بہت جلد انتخابات ہونگے جس کے لئے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو گلی گلی، قریہ قریہ، گاؤں گاؤں عمران خان کا پیغام پہنچانا ہوگا۔ انشاء اللہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بھاری اکثریت کے ساتھ دوبارہ آئے گی اور پاکستان کو مزید استحکام بخشے گی ۔