جہلم میں جگہ جگہ رکشہ و موٹرسائیکل پارکنگ قائم، ٹریفک کا نظام درہم برہم، ٹریفک پولیس لمبی تان کر سو گئی

0 248

جہلم: شہر میں جگہ جگہ چنگ چی رکشہ و موٹر سائیکل پارکنگ قائم، ٹریفک کا نظام درہم برہم ، ٹریفک پولیس لمبی تان کر سو گئی ، شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہر کے تمام بازاروں میں ، چنگ چی رکشوں، موٹر سائیکلوں کی غلط پارکنگ کی وجہ سے اندرون شہر کے بازاروں میں صارفین کا گزرنا محال ہو چکا ہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک پولیس کی عدم موجودگی کی وجہ سے شہری اپنی گاڑیاں سڑک کنارے پارک کرکے خریداری مرکز میں چلے جاتے ہیں جس کی وجہ سے سڑکوں پر گزرنے والے شہریوں کو شدید دشواری کاسامنا کرنا پڑتا ہے۔

خریداری کے لئے آنے والے شہریوں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اندرون شہر کے بازاروں کے اندر چنگ چی رکشوں ، ریڑھی بانوں اور موٹر سائیکلوں کے اسٹینڈز قائم ہو چکے ہیں، جس کی وجہ سے خریداری کے لئے آنے والی خواتین اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بازاروں کے داخلی و خارجی راستوں پر میونسپل کمیٹی نے بیرئیر نصب کر رکھے ہیں لیکن بیرئیر بروقت بند نہ ہونے کیوجہ سے ریڑھی بان بازاروں میں گھس جاتے ہیں جبکہ دکانوں کے مالکان کئی کئی فٹ تک اپنی موٹرسائیکلیں کھڑی کرکے تجاوزات قائم کر لیتے ہیں جس کیوجہ سے خریداری کے لئے آنے والی خواتین اور بچوں کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑتا ہے۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ اندرون شہر کے بازاروں میں غیر قانونی موٹر سائیکل و چنگ چی رکشہ اسٹینڈ کے خاتمے کے لئے میونسپل کمیٹی کے شعبہ انسداد انکروچمنٹ کو متحرک کیا جائے تاکہ خریداری کے لئے آنے والے شہریوں کی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے ۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.