محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام مزارات پر زائرین کیلئے سہولیات کا فقدان

جہلم: محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام مزارات پر زائرین کیلئے سہولیات کا فقدان، دور دراز سے درباروں پر حاضری کیلئے آنے والے زائرین مشکلات سے دوچار ہونے لگے۔ اولیائے اللہ کے مزاروں پر نشیؤں اور بھکاریوں نے ڈیرے ڈال لئے۔ پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی اور بیت الخلاء کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے زائرین کو مشکلات کا سامنا سکیورٹی کے ناقص انتظامات، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دریائے جہلم کنارے دربار حضرت بابا سلیمان پارس، دربار بابا کرم شاہ، دربار بابا پیر شہاب جو کہ بر صغیر پاک وہند کے عظیم روحانی ہستیاں ہیں، جہاں پر دور دراز سے آنے والے زائرین کو سخت مشکلات کاسامنا کرنا پٹ رہا ہے۔
مزارات پرصفائی کے ناقص انتظامات اور جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر ، پینے کے لئے ٹھنڈے صاف پانی کی عدم دستیابی بھی محکمہ اوقاف کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، سکیورٹی کا کوئی مناسب بندوبست نہیں جس کی وجہ سے درباروں پر آنے والے زائرین اپنے آپ کو غیر محفوظ تصور کرتے ہیں۔
دربار شریف کے احاطے میں کچرے کے ڈھیر محکمہ اوقاف کے ملازمین پر سوال اٹھا رہے ہیں ،جس کی بنیادی وجہ درباروں پر تعینات منیجر، سٹاف اور نگران اپنے ذاتی کاموں میں مصروف ہوتے ہیں ،کئی کئی روز تک منیجر اور نگران اپنے آبائی علاقوں میں چلے جاتے ہے اور مزاروں پر رہنا اپنی بے عزتی سمجھتے ہیں، جس کی وجہ سے درباروں کی ذمہ داریاں نشئیوں اور غیر متعلقہ افراد نے سنبھال رکھی ہیں۔
شہریوں نے نگران وزیر اعلی پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب سے ضلع جہلم میں تعینات محکمہ اوقاف کے منیجر، نگران اور سٹاف کے خلاف نوٹس لینے اور ذمہ داریاں انجام دلوانے کا مطالبہ کیا ہے۔