جہلم شہر میں میونسپل کمیٹی کے زیر انتظام سٹریٹ لائٹس ناکارہ ہونے لگیں

جہلم: میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران نے شہریوں کے مسائل سے لا تعلقی اختیار کر لی، میونسپل کمیٹی کے زیر انتظام سٹریٹ لائٹس ناکارہ ہونے لگیں۔ میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ خواب خرگوش کے مزے لینے میں مصروف، نا تجربہ کار عملے کی ناقص پالیسیوں کے باعث جی ٹی روڈ کے وسط میں لگی لائٹس عرصہ دراز سے خراب، رات کو روڈ ویرانی کے مناظر پیش کرنے لگی۔
تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی کے شعبہ الیکٹرک کے ذمہ داران کی عدم دلچسپی کی وجہ سے جہلم کینٹ تا مجاہدہ آباد پل درجنوں سٹریٹ لائٹس ناکارہ ہو چکی ہیں جس کی وجہ سے رات کے وقت جہلم کینٹ تا مجاہدآباد سڑک گھپ اندھیرے کی وجہ سے ویران علاقے کی منظر کشی کرتی دکھائی دیتی ہے جبکہ بعض مقامات سے نامعلوم لوگوں نے قیمتی سٹریٹ لائٹس چوری کرنے شروع کررکھی ہیں۔
شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی ہر سال سٹریٹ لائٹس کی مد میں لاکھوں روپے کے فنڈز مختص کرتی ہے جبکہ اندرون شہر کے بیشتر علاقوں اور جہلم کینٹ تا مجاہد آباد پل تک تمام سٹریٹ لائٹس عرصہ دراز سے بند پڑی ہیں۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ جی ٹی روڈ پر نصب سٹریٹ لائٹس کو فعال بنایا جائے تاکہ جی ٹی روڈ پر رات کے وقت سفر کرنے والے افراد کی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے۔