جہلم میں گیس پریشر میں کمی اور لوڈ شیڈنگ، غیر معیاری سلنڈرز کی ریفلنگ کا دھندہ عروج پر

0 133

جہلم: شہر سمیت گردونواح کے علاقوں میں گیس پریشر میں کمی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری، شہر و گردونواح میں غیر معیاری سلنڈرز کی ریفلنگ کا دھندہ جاری، کسی بھی وقت کوئی بڑا سانحہ ہونے کا خدشہ، محکمہ سول ڈیفنس کا عملہ خاموش تماشائی، سول ڈیفنس کے افسران نے گیس ریفلنگ کرنے والے دکانداروں کو کھلی چھوٹ دے دی۔

تفصیلات کے مطابق گرمیوں کے موسم میں بھی سوئی گیس کی بندش کا سلسلہ نہ رک سکا جس کے باعث ایل پی جی سلنڈرز کا استعمال بھی بڑھ گیا ہے۔

سول ڈیفنس کے افسران و عملے سمیت مقامی انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث شہر و گردو نواح میں غیر معیاری سلنڈرز کی ریفلنگ کی دکانوں کی بھر مارہو چکی ہے جس کے باعث کسی بھی وقت کوئی بڑا سانحہ پیش آسکتا ہے، غیر معیاری سلنڈرز کی ریفلنگ اور استعمال پر روک تھام کرنے کے لئے سول ڈیفنس کے ذمہ داران نے کسی قسم کے کو ئی اقدامات نہیں کئے۔

یادر ہے کہ چند روز قبل ایل پی جی گیس سلنڈرز کی ری فلنگ کے دوران دھماکے سے ہوٹل کی عمارت منہدم ہو گئی جس کے نتیجے میں 7 انسانی جانیں ضائع جبکہ 10 افراد شدید زخمی ہو گئے۔

محکمہ سول ڈیفنس کے افسران وعملے کی بد نیتی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غفلت و لا پرواہی کی وجہ سے خدشہ ہے کہ دوبارہ پھر کوئی نا خوشگوار واقعہ رونما ہوسکتا ہے شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.