شرم کا مقام ہے کہ مخالفین سیاسی اختلافات کی وجہ سے عوام دشمنی پر اتر آئے ہیں۔ فراز چوہدری

جہلم: ضلع جہلم کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت چوہدری فراز حسین نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی اس سے بڑی عوام دشمنی کیا ہوگی کہ ضلع جہلم کی پسماندہ تحصیلوں تحصیل پنڈدادنخان اور تحصیل جہلم میں ترقیاتی منصوبوں پر جاری کام بھی روکا جا رہا ہے۔ بجائے اسکے کہ بجٹ میں پسماندہ علاقوں کے لیے رقم مختص کی جاتی جاری منصوبوں کے فنڈز بھی صرف اس وجہ سے روک دیے گئے ہیں کہ یہ منصوبے سابق حکومت کے دور حکومت کے دوران سابق وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے علاقے کی محرومیوںکو ختم کرنے کے لیے شروع کروائے تھے۔
ان خیالات کا اظہار معروف سیاسی وسماجی شخصیت چوہدری فراز حسین نے جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شرم کا مقام ہے کہ مخالفین سیاسی اختلافات کی وجہ سے عوام دشمنی پر اتر آئے ہیں۔ ضلع جہلم کے عوام خصوصا موجودہ حکمران جو اس وقت اقتدار میں بیٹھے ہیں ان کے چہرے یاد رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ سابق دور حکومت میں سابق وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے تحصیل جہلم اور تحصیل پنڈدادنخان کے علاقہ مکینوں کی محرومیوں کو ختم کرنے کے لیے اربوں روپے کے منصوبے شروع کروائے جن میں ٹوبہ ٹراما سینٹر لِلہ جہلم 128 کلو میٹر دو رویہ سٹرک جہلم ٹراما سینٹر ،جلال پور شریف کندوال نہر کے منصوبے شامل تھے جن پر تیزی کے ساتھ کام جاری تھا رجیم چینج کے بعد حکمرانوں نے منصوبوں کے فنڈز روک کر عوام دشمنی شروع کی۔
فراز چوہدری نے کہا کہ سابق وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے فنڈز جاری کروا کے دوبارہ کام شروع کروا دیا، گزشتہ ماہ بجٹ کے موقع پر حکمرانوں نے جلال پور شریف کندوال نہر ،جہلم لِلہ دو رویہ سٹرک ،ٹوبہ ٹراما سینٹر،جہلم ٹراما سینٹرز کے فنڈز مختص نہیں کئے جس کی وجہ سے جاری منصوبے ایک بار پھر کھٹائی میں پڑ چکے ہیں جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔
چوہدری فراز حسین نے ضلع جہلم کی عوام سے کہا ہے کہ عوامی منصوبوں کو بند کرنے والے حکمرانوں اور مقامی سیاست دانوں کے چہرے یاد رکھیں تاکہ آمدہ انتخابات میں ووٹ کو عزت دو کے فارمولے پر عمل درآمد کرتے ہوئے کوسوں میل دور بھگایاجاسکے۔