جہلم میں گندم اور آٹے کے دام آسمان پر پہنچ گئے، عوام پریشان

0 107

جہلم شہر کی اوپن مارکیٹ میں گندم اور آٹے کے دام آسمان پر پہنچ گئے، عام آدمی میں مہنگا آٹا خریدنے کی سکت بھی نہ رہی، یوٹیلٹی سٹورز پر عوام کا رش بڑھ گیا۔ شدید گرمی اور حبس میں لمبی قطاروں میں آٹا خریدنے پر مجبور ہوگئے۔

شہر کے یوٹیلٹی سٹوروں پر آٹے کی بدترین قلت جاری ہے۔ درجنوں یوٹیلٹی سٹوروں پر آٹے کی محدود مقدار اور صارفین کی تعداد سینکڑوں سے ہزاروں تک پہنچ گئی۔ چھوٹے چھوٹے بچوں کو گود میں اٹھائے یوٹیلٹی سٹوروں پر آنے والی خواتین چلملاتی دھوپ اور حبس سے نڈھال ہوگئیں۔

خواتین کا کہنا تھا کہ اتنی ذلت اور خواری کے بعد بھی آٹا ملنے کی کوئی گارنٹی نہیں۔

مرد شہری بھی آٹے کے بحران پر حکومت سے شدید نالاں نظر آئے اور کہا کہ غریب کے منہ تک روٹی کا نوالہ پہنچانا حکومت کی ترجیحات میں شاید شامل ہی نہیں۔ لوگ آٹے جیسی بنیادی ضرورت کیلئے دھوپ اور حبس میں مر رہے ہیں۔

شہریوں نے یوٹیلٹی سٹوروں پر آٹے کی قلت اور بدترین انتظامات پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے نوٹس لینے اور مسائل حل کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.