جہلم میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں من مانا اضافہ، مافیاز بے لگام

جہلم میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں من مانا اضافہ، مافیاز بے لگام، پرائس کنٹرول مجسٹرئس اور مانیٹرنگ ٹیمیں مکمل نا کام، شہری ذہنی اذیت میں مبتلا، شہر کے باسیوں کا نگران وزیر اعلی پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح جہلم شہر میں مہنگائی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، شہر سمیت ضلع بھر میں آٹا ، چینی ، دہی ،دودھ ، فروٹ سبزیوں سمیت روز مرہ کی اشیاء کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ دیکھنے میں آتا ہے۔
ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر سمیت متعلقہ محکمے کے افسران اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کی چیکنگ کرنے والی ٹیمیں بھی مکمل طور پر نا کام دکھائی دیتی ہیں۔
جہلم کے اعلیٰ سطحی افسران جن کو عوامی خدمت کیلئے تعینات کیا گیا ہے وہ بھاری تنخواہیں وصول کرنے اور لگژری گاڑیوں میں سوار ہو کر شہریوں کو ریلیف دینے کی بجائے ٹھنڈے کمروں تک محدود ہو کر رہ گئے ہے جبکہ غریب سفید پوش طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد گراں فروشوں کے ہاتھوں لٹنے پر مجبور ہیں۔
شہریوں نے نگران وزیر اعلی پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر راولپنڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع جہلم میں نافذ جنگل کے قانون کے خاتمے کے لیے کردار ادا کیا جائے تاکہ غریب سفید پوش طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد اپنے بچوں کو دو وقت کی روٹی مہیا کر سکے۔