سانحہ جہلم؛ حکومت اور انتظامیہ کی بے حسی، جاں بحق افراد کے ورثا اور زخمیوں کیلئے مالی امداد نہ کی گئی

جہلم: حکو مت اور ضلعی انتظامیہ کی بے حسی ، گیس سلنڈر دھماکے میں جاںبحق ہونے والوں کے ورثا اور زخمیوں کے لیے کسی قسم کی مالی امداد نہ کی گئی، گیس سلنڈر دھماکے میں سات افراد جاں بحق جبکہ درجن سے زائد زخمی ہوئے، حکومتی نمائندہ تصویریں بنوا کر رفو چکر ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز جہلم کشمیر کالونی جی ٹی روڈ پر واقع ہوٹل میں ہونے والے گیس سلنڈر دھماکے میں سات افراد جاں بحق اور درجن سے زائد زخمی ہوئے تھے۔دھماکے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد اور زخمی محنت کش تھے جن کے لیے حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کسی قسم کی مالی امداد کا اعلان نہیں کیا گیا۔
قابل ذکر امر یہ ہے کہ جائے حادثہ اور ہسپتال میں تصاویر بنوانے والے سیاسی رہنما بھی اپنی تصاویر بنوا کر رفو چکر ہو گئے ۔
جہلم کے سماجی اور عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سانحہ جہلم میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثا سمیت زخمیوں کی بھی مالی امداد کی جائے تاکہ انکے دکھوں کا کچھ تو مداوا ہو سکے۔