مون سون بارشیں، نالے بند ہونے سے جہلم کے مکینوں کا پانی میں ڈوبنا معمول بن گیا

0 105

جہلم میں حالیہ بارشوں کی پیشگوئی سے شہری شدید خوف و ہراس کا شکار، نکاسی آب کے نالے بند ہونے کی وجہ سے مکینوں کا پانی میں ڈوبنا معمول بن گیا۔ میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ نالوں پر قائم تجاوزات ختم کروانے اور صفائی کروانے میں بری طرح ناکام۔ میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ مکینوں کو صرف روایتی طفل تسلیاں دینے میں مشغول، شہر میں موجود نکاسی آب کے نالوں پر بااثر افراد نے تجاوزات قائم کر لیں۔

تفصیلات کے مطابق شہر میں نکاسی آب کا نظام ابتر ہونے کے باعث ہلکی بارش سے شہری آبادیاں زیر آب آ جاتی ہیں جس کی وجہ سے شہریوں و دکانداروں اور ملازمت پیشہ افراد کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ تاجروں کو لاکھوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔

بیشتر مکانات کی بنیادیں نکاسی آب نہ ہونے کی وجہ سے بیٹھ چکی ہیں لیکن اس طرف انتظامیہ کوئی توجہ نہیں دے رہی بلکہ بارشی پانی میں گھرے ہوئے شہریوں کی بے بسی کا تماشہ دیکھنے اور فوٹو سیشن کرکے واپس دفتروں میں لوٹ جاتے ہیں، اس کے برعکس آج تک نالوں پر قائم ہونے والی پختہ تجاوزات کو ختم کروانے کے لئے کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔

گزشتہ اور رواں ماہ ہونے والی بارشوں سے شہر کی سڑکیں اور گلی محلے جوہڑوں کی منظر کشی کرتے دکھائی دیئے جس کے باعث شہریوں میں شدید ڈر اور اضطرابی کیفیت پیدا ہو چکی ہے اور بعض علاقہ مکین اپنے بچوں اور سامان کو دوسری جگہ کرائے کے مکانوں میں منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔

شہریوں نے نگران وزیر اعلی پنجاب سید محسن نقوی، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری بلدیات، کمشنرراولپنڈی سے ہنگامی بنیادوں پر اس مسئلے کو حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور ساتھ ہی نکاسی آب کے نالوں کی صفائی ستھرائی سمیت نالوں پر قائم تجاوزات کے خاتمے کا مطالبہ کیاہے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.