جہلم میں مسلح ڈاکوؤں نے ادویات کے ڈسٹری بیوٹر سے 20 لاکھ روپے لوٹ لئے

جہلم: تھانہ سول لائن کے علاقہ کچہری چوک میں قائم ادویات کی ڈسٹری بیوشن پر دن دیہاڑے ڈکیتی کی دلیرانہ واردات، نامعلوم موٹر سائیکل پر سوار مسلح ڈاکو ڈسٹری بیوٹر سے 20 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سول لائن روڈ کچہری چوک جہلم میں قائم ادویات کی ڈسٹری بیوشن کے تاجر شیخ محمد یاسین کار پر سوار ہو کر ڈسٹری بیوشن پر پہنچے اور جیسے ہی کار سے نیچے اترے تو نامعلوم موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح ڈاکوؤں نے 20 لاکھ روپے نقدی سے بھرا بیگ چھین کرفرار ہو گئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ناصر محمود باجوہ پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ انہوں نے ادویات کی ڈسٹری بیوشن کے تاجر سے ہونے والی ڈکیتی کی واردات کی بابت دریافت کیا۔
تھانہ سول لائن پولیس نے ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔