ضلع جہلم کے متعدد پٹواریوں نے پراپرٹی ڈیلرز کا روپ دھار لیا

جہلم: ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جائیداد کی خرید وفروخت میں ملوث پٹواریوں کو پراپرٹی ڈیلر کا کام کرنے سے نہ روکا جا سکا۔ ضلع بھر کے متعدد پٹواریوں نے پراپرٹی ڈیلرز کا روپ دھار لیا۔ نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں، اندرون شہر اور ملحقہ آبادیوں میں جائیداد کی خرید و فروخت کی ذمہ داری پٹواریوں نے سنبھال لی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ مال کے بیشتر پٹواریوں نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں سمیت زمینوں کی خرید و فروخت کا کارروبار شروع کر رکھا ہے جبکہ پٹوار خانوں کی ذمہ داریاں منشیوں کو سونپ رکھی ہیں جس کی وجہ سے سائلین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سائلین نے اس حوالے سے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پٹوار خانوں کی ذمہ داریاں منشی ادا کررہے ہیں۔ جب پٹوار خانوں میں جگہ کی جانچ پڑتال کے لئے پہنچتے ہیں تو منشی اپنے پٹواری کے ساتھ جگہ کی خرید و فروخت کے مشورے دینا شروع کردیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بعض پٹوار سرکل کے پٹواری زمینوں کی فروخت اور خریداری کے ساتھ ساتھ پراپرٹی ڈیلر کے طور پر کام کر رہے ہیں، اس طرح کی سرگرمیاں نہ صرف ایک سرکاری ملازم کے سرکاری فرائض سے متصادم ہیں بلکہ اس کی سرکاری ذمہ داریوں کی انجام دہی میں بھی سنگین بددیانتی ہے۔
سائلین نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کو چاہیے کہ وہ بلا تاخیر اس غیر قانونی بددیانتی کو روکنے کیلئے کردار ادا کرتے ہوئے پراپرٹی کے شعبے میں ملوث پٹواریوں کے خلاف محکمانہ کارروائیاں عمل میں لائیں تاکہ پٹوار خانوں میں آنے والے سائلین کی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے۔