جہلم میں فارمی مرغی کا گوشت بھی عوام کی پہنچ سے کوسوں میل دور ہو گیا

جہلم: فارمی مرغی کا گوشت بھی عوام کی پہنچ سے کوسوں میل دور ہو گیا، غریب تو غریب متوسط طبقہ بھی مرغی کے گوشت سمیت دیگر ضروریاتِ زندگی کی اشیاء سے محروم ہوتا دکھائی دے رہا ہے 4 ماہ پہلے 400 روپے کلو فروخت ہونے والامرغی کا گوشت 650 روپے فی کلو تک ہو رہا ہے۔ مہنگائی کا جن قابو کرنا حکمرانو ں اور انتظامیہ کے بس سے باہر ہو چکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مہنگائی کا جن عوام کوسانپ بن کر ڈسنے لگا ، غریب تو غریب اب متوسط طبقہ بھی ہو شربا مہنگائی کی چکی میں بری طرح پس رہا ہے ، بنیادی ضرور یاتِ زندگی کی اشیاء کی قیمتیں ساتویں آسمان کو چھو رہی ہیں ،عوام مہنگائی کے ہاتھوں فاقہ کشی پر مجبور ہورہے ہیں۔
4 ماہ پہلے مرغی کا گوشت جو 400 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا تھا آج 650 روپے فی کلوکے حساب سے فروخت ہو رہا ہے۔ آلو، پیاز، ٹماٹر، ادرک و دیگر سبزیاں بھی انتہائی مہنگی فروخت کی جارہی ہیں، غریب عوام ایک ایک پاؤ چیز بھی بڑی مشکل سے خرید رہے ہیں۔
بے روزگاری اتنی بڑھ چکی ہے کہ عوام میں قوت خرید ختم ہو کر رہ گئی ہے، غریب عوام ملکی تاریخ کی ہوشر با مہنگائی سے اتنے تنگ ہو چکے ہیں کہ گھریلو اخراجات پورے نہ ہونے سے گھریلو جھگڑوں میں غیرمعمولی اضافہ ہوچکا ہے۔ مہنگائی کے ہاتھوں تنگ بھائی بھائی سے باپ بیٹے سے اور بیوی خاوند کے جھگڑوں کی کہانیاں گلی محلوں میں سنائی دیتی ہیں۔
شہریوں نے حکومت وقت سے ہوشربا مہنگائی پر قابوپانے کا مطالبہ کیاہے۔