مذہبی جماعت اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب، جہلم جی ٹی روڈ پر ٹریفک بحال

جہلم: تحریک لبیک پاکستان اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد دریائے جہلم کے تینوں پلوں کو چار دن کے بعد باقاعدہ کھول دیا گیا، چار دن عوام ذلیل و خوار ہوتی رہی،چار دنوں میں کروڑوں روپے کا نقصان بھی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت اور ٹی ایل پی میں کامیاب مذاکرات کے بعد دریائے جہلم کے تینوں پلوں کو کھول دیا گیا جس سے جہلم اور سرائے عالمگیر کے درمیان جی ٹی روڈ پر ٹریفک بحال ہو گئی، چار دن بند رہنے سے عوام شدید گرمی میں ذلیل و خوار ہوتی رہی۔ لاہور اور دوسرے شہروں میں جانے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا، شہری پانچ سے چھ کلومیٹر کا فاصلہ شدید گرمی اور دھوپ میں پیدل طے کرتے رہے، خواتین اور بزرگ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اس موقع پر شہریوں کا کہنا تھا کہ حکومت کی ناقص کارکردگی اور نااہل وزراء کی وجہ سے ہم چار دن زلیل و خوار ہوتے رہے، شدید گرمی اور دھوپ میں ہم کئی کئی کلومیٹر کا سفر پیدل طے کرتے رہے جبکہ پولیس کا رویہ ہمارے ساتھ ہتک آمیز تھا اگر حکومت پہلے دن ہی یہ مطالبات مان لیتی تو ہمیں اتنا زلیل تو نہ ہونا پڑتا۔
شہریوں نے کہا کہ چار دن کے بعد حکومت نے یہ مطالبات تسلیم کر ہی لیے ہیں تو پھر عوام کو اتنا ذلیل کرنے کی کیا ضرورت تھی جبکہ کروڑوں روپے کا نقصان بھی ہوچکا ، پکڑے گئے، کنٹینر اور ٹرکوں میں کھانے پینے کا سامان بھی موجود تھا جو شدید گرمی اور دھوپ سے خراب ہوگیا۔