ضلع جہلم کے تمام سیاحتی مقامات کو جانے والی سڑکیں خستہ حالی کا شکار

0 113

جہلم: محکمہ پراونشل ہائی وے اور منتخب ممبران قومی و صوبائی اسمبلیوں کی غفلت اور انتظامیہ کی عدم دلچسپی کے باعث تمام سیاحتی مقامات کو جانے والی سڑکیں خستہ حالی کا شکار ہیں۔

ان خیالات کا اظہار شہر کی معروف سماجی و سیاسی شخصیت سید خلیل حسین کاظمی نے اخبار نویسوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے سیاحتی مقامات تک ٹریک تعمیر کروائے اور سیاحت کو فروغ دینے کے لئے پختہ سڑکیں تعمیر کرنے کے اعلانات کئے حکومت کے خاتمے کے ساتھ ہی تمام منصوبے دھرے کے دھرے رہ گئے ۔ حکمران سیاحتی مقامات تک پختہ سڑکیں تعمیر کروائیں تاکہ سیاحوں کو سیاحتی مقامات تک رسائی ممکن ہو سکے ۔ جس سے ملکی زرِ مبادلہ میں غیر معمولی اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ مقبرہ شہاب الدین غوری، قلعہ نندانہ، قلعہ روہتاس، لہڑی پارک، کھیوڑہ سالٹ مائن، ٹلہ جوگیاں، قلعہ منگلا سمیت دیگر سیاحتی مقامات موجود ہیں لیکن بیشتر سیاحتی مقامات تک جانے کے لئے کوئی پختہ سڑک موجود نہیں جس کی وجہ سے دوسرے ممالک سے آنے والے سیاح تو دور کی بات مقامی افراد کا جانا بھی ناممکن ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سیاحتی مقامات کو جانے والی رابطہ سڑکیں کھنڈرات کی منظر کشی کررہی ہیں اور قابلِ زکر بات یہ ہے کہ سیاحتی مقامات پر نہ تو بجلی کا کوئی مناسب انتظام ہے اور نہ ہی پینے کے صاف پانی کا ، حکومت کو چاہیے کہ ضلع جہلم میں موجود سیاحتی مقامات کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے رابطہ سڑکیں پختہ کرنے کے ساتھ ساتھ بنیادی سہولیات مہیا کی جائیں تاکہ اندرون ملک سمیت بیرون ملک سے آنے والی سیاحوں کو سیاحتی مقامات تک رسائی ممکن ہو سکے ۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.