دریائے جہلم میں دو نوجوانوں کے ڈوبنے کے بعد نہانے پر مکمل پابندی عائد

جہلم: دریائے جہلم میں دو نوجوانوں کے ڈوبنے کے بعد ڈپٹی کمشنر جہلم نے دریائے جہلم، نہروں، برساتی نالوں میں تیراکی اور نہانے پر مکمل پابندی عائد کر دی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم اور پنڈدادنخان میں دو نوجوانوں کے ڈوبنے کے واقعے کے بعد ڈپٹی کمشنر جہلم سمیع اللہ فاروق نے دریائے جہلم، نہروں، برساتی نالوں میں تیراکی اور نہانے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کر دی ہے جو فوری طور پر نافذ العمل ہے، خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر جہلم کی جانب سے دفعہ 144 نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا جو فوری نافذ العمل ہو گا، خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل کھیوڑہ کے محلہ اسلام گنج کا رہائشی 17 سالہ نوجوان محمد انس ولد افتخار عمر ایل آئی سی پمپنگ اسٹیشن کے قریب دریائے جہلم میں نہاتے ہوئے ڈوب گیا جبکہ گزشتہ روز جہلم کے علاقہ چک دولت کا رہائشی 24 سالہ نوجوان تصور حسین ولد محمد شریف دریائے جہلم میں نہاتے ہوئے پانی کی تیز لہروں نے دبوچ لیا اور دیکھتے ہی دیکھتے گہرے پانی کی نذر ہو گیا۔