جہلم: بجلی، کیبل، انٹر نیٹ کی بے ہنگم تاریں معصوم بچوں اور خواتین کیلئے وبال جان بن گئیں

جہلم: شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں بجلی، کیبل، انٹر نیٹ کی بے ہنگم تاریں معصوم بچوں اور خواتین کے لئے وبالِ جان بن گئیں، زمین پر تاریں لٹکنے کے باعث حادثات معمول بن گئے، علاقہ مکینوں کو مشکلات کا سامنا، بجلی کے کھمبوں پر لٹکنے والی تاروں سے چنگاریاں نکلنا معمول بن گیا، اکثر بجلی کی تاریں ٹکرانے سے علاقے کی بجلی بند ہونے لگی، تاروں کے بے ہنگم جال کی وجہ سے علاقے کاحْسن ماند پڑگیا۔
تفصیلات کے مطابق شہرسمیت ملحقہ علاقوں میں بجلی کے کھمبوں پر کیبل ، انٹرنیٹ اور بجلی کی تاریں گلیوں میں لٹک رہی ہیں جس کی وجہ سے چھوٹے چھوٹے معصوم بچوں کے سروں پر موت کے سائے منڈلا رہے ہیں جبکہ گھروں میں رہائش پذیر خواتین کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔
اہلیان علاقہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بجلی کے کھمبوں پر نصب بجلی کی تاریں گلیوں کے اندر لٹکتی نظرآتی ہیں بروقت لائنوں کی مرمت نہ ہونے کے باعث کسی وقت بھی کوئی بڑاحادثہ رونما ہو سکتا ہے ۔ آئیسکو جہلم کی انتظامیہ نے گلی محلوں میں بجلی کی لٹکتی تاروں کے خاتمے کے بلند و بانگ دعوے کئے جو کہ حقیقت کے برعکس ہیں۔
علاقہ مکینوں نے آئیسکو چیف اسلام آباد ،ایس ای آئیسکو سرکل جہلم سے نوٹس لینے اور گلی محلوں میں بجلی، ٹیلیفون، کیبل، انٹرنیٹ کے جال ختم کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔