پھلوں سبزیوں اور کھانے پینے کی اشیاء کے بعد ایل پی جی مافیا بھی لوٹ مار کیلئے میدان میں

جہلم: پھلوں سبزیوں اور کھانے پینے کی اشیا کے بعد اب ایل پی جی مافیا بھی لوٹ مار کے لیے میدان میں آگیا۔
اوگرا کی جانب سے نرخوںمیں کمی کے باوجود ایل پی سلنڈرز غائب کردیئے گئے تاکہ مہنگے فروخت کئے جا سکیں۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی اوگرا کی طرف سے ایل پی جی کی قیمت میں 196 روپے 75 پیسے فی کلو گرام کمی کے باوجود صارفین کو سستی گیس فراہم نہیں کی جارہی۔
ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ایل پی جی گیس پر گرانفروشی کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں دعوؤں تک محدود ہے۔ اوگرا کی جانب سے گھریلو سلنڈر کی قیمت 2322 روپے مقرر جبکہ شہر سمیت ضلع بھر میں 3300 تا 3500 روپے تک ایل پی جی گیس سلنڈرز کی فروخت جا رہی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز من پسند نرخوں پر ایل پی جی سلنڈرز فروخت کررہے ہیں۔
شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو دکاندار پٹرول سمیت دکان میں موجودایل پی جی سلنڈرز کی قیمتوں میں فوراً اضافہ کر لیتے ہیں اورجب قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا جاتا ہے تو صارفین کو کہا جاتا ہے کہ ہم نے مہنگے داموں سلنڈرز خریدرکھے ہیں ہمیں اتنے کے نہیں ملے اس لئے ہم ابھی پرانے نرخوں پر فروخت کریں گے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیاہے کہ سول ڈیفنس کے ذمہ داران کو گراں فروشوں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروانے کا پابند بنایا جائے تاکہ شہری حکومت کے مقررہ کردہ نرخوں پر ایل پی جی سلنڈرز خرید کر نظامِ زندگی جاری رکھ سکیں۔