جہلم میں سرکاری مہر توڑ کر کرش چلانے پر 6 کرش مالکان کے خلاف مقدمات درج

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن(ر) سمیع اللہ فاروق کی ہدایات پر کرش مافیا کے خلاف ایکشن، سرکاری مہر توڑ کر کرش چلانے پر 6 کرش مالکان کے خلاف مقدمات درج، کارروائی شروع کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق دریائے جہلم کے اوپر مختلف مقامات پر کرش لگا کر ماحولیات کو شدید نقصان پہنچانے کی شکایت پر محکمہ ماحولیات کی جانب سے چند روز قبل متعدد کرش پلانٹس سیل کر دئیے گئے تھے لیکن کرش مالکان نے سرکاری مہر توڑ کر کرش دوبارہ چلانے شروع کر دئیے۔
اہل علاقہ کی جانب سے شکایات پر محکمہ ماحولیات کے انسپکٹر اور عملہ نے تمام کرش پلانٹس کا دورہ کیا، جس پر 6 کرش مالکان غلام عباس، لعل زادہ، نوید الحسن، عامر علی، محمد عیش، محمد ارسلان اسلم کے خلاف کارسرکار میں مداخلت کے مقدمات درج کروا دئیے جس کے بعد پولیس نے کارروائی شروع کردی ہے۔