سانحہ 9 مئی میں ملوث کوئی فرد قانون سے نہیں بچ سکے گا۔ بلال اظہر کیانی

جہلم: وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت وتوانائی بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ سانحہ 9 مئی میں ملوث کوئی فرد قانون سے نہیں بچ سکے گا، یہ ریاستی رٹ اور شہداء کے وقار کا معاملہ ہے، جرم جس نے بھی کیا ہے، اسے قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔ مجرم کو قانون کے مطابق سزا دینا انسانی حقوق کی پاسداری ہے۔
بلال اظہر کیانی نے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی۔ڈی۔ایم۔ای) کے زیراہتمام ضلع جہلم میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچاؤ کی مشق کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جی 20 اجلاس میں پاکستان اور کشمیری عوام کے دوست ممالک کا شرکت نہ کرنے کا فیصلہ لائق تحسین ہے، مقبوضہ جموں وکشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسلمہ متنازعہ مسئلہ ہے جس کا حل شفاف استصواب رائے ہے۔
وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر نے کہاکہ عمران نیازی کی چار سال کی حکومت نے ملکی معیشت کا ستیاناس کردیا، مہنگائی کی لگائی آگ کو ایک سال سے ہم بجھانے کی کوشش کررہے ہیں۔
فوجی عدالتوں سے متعلق سوال کے جواب میں بلال اظہر کیانی نے کہاکہ جہاں جو جرم ہوا، قانون کے مطابق مجرم کو سزاملے گی، انسداد دہشت گردی ایکٹ، آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ سمیت جو بھی آئین اور قانون کے تحت بیان کردہ جرم کی گرفت میں آتا ہو گا، اسی کے مطابق کارروائی ہوگی۔ اگر میانوالی بیس کے اندر جرم ہوا تو اس جرم سے متعلق قانون کے تحت ہی کارروائی عمل میں آئے گی۔
انہوں نے کہاکہ 9 مئی کو ملک کو آگ اس لئے لگائی گئی کہ 60 ارب کی چوری کا سوال کیوں پوچھا عمران نیازی کی گرفتاری اسلام آباد ہائی کورٹ نے قانون کے مطابق قرار دی تھی لیکن 9 مئی کو فوجی حساس عمارتوں، جناح ہاؤس لاہور، سرکاری ونجی املاک پر حملوں اور شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کرکے ریاست کے خلاف جرم کیاگیا۔ کیا قانون کے مطابق اس جرم کے مجرموں کو کٹہرے میں کھڑا کرنا جرم ہے اگر ایسا نہ کیاگیا تو ریاست کی رٹ کو کون مانے گا۔
ایک اور سوال پر انہوں نے کہاکہ منتخب وزیراعظم محمد نوازشریف کو ایک سوچے سمجھے منظم منصوبے کے تحت ایک جھوٹے مقدمے میں تاحیات نااہل کیاگیا۔ اس منصوبے کے تمام کردار ایک ایک کرکے قوم کے سامنے آچکے ہیں۔