جہلم میں عوام کے پیدل چلنے کیلئے بنائے گئے فٹ پاتھوں پر بااثر دکانداروں کا قبضہ

0 51

جہلم: اندرون شہر شاندار چوک کے اطراف میں عوام کے پیدل چلنے کیلئے بنائے گئے فٹ پاتھوں پر بااثر دکانداروں کا قبضہ ، دکانداروں نے میونسپل کمیٹی کے شعبہ انکروچمنٹ کے عملہ کی ملی بھگت سے فٹ پاتھوں کو دکانوں کا حصہ بنالیا، فٹ پاتھ پر سامان سجا کر پیدل چلنے والوں سے سہولت چھین لی، میونسپل کمیٹی کا شعبہ انکروچمنٹ کاعملہ کارروائیاںکرنے سے گریزاں ہے۔

تفصیلات کے مطابق اندرون شہر کے عین وسط میں قائم شاندار چوک کے چاروں اطراف سڑکوں کے دونوں اطراف میں قائم فٹ پاتھوں پر بااثر دکانداروں نے ناجائز قبضے جما کر فٹ پاتھوں کو دکانوں کا حصہ بنالیا ہے۔

اس وقت ، الیکٹرونکس کی اشیاء ، جوسز ، خشک میوہ جات ، ہوزری،موبائل شاپس، جوتوں اور کپڑوں کی دکانیں، ہوٹلز، شوارما فروش، بیکریز، چائے کی دکانیں،لنڈا کا سامان، کتابوں کی دکانیں ، موبائل فونز کے سٹالز وغیرہ کے مالکان نے فٹ پاتھوں پر میونسپل کمیٹی کے شعبہ انکروچمنٹ کے عملے کی سرپرستی میں نہ صرف قبضے جما رکھے ہیں۔

فٹ پاتھوں کے ارد گرد نصب آہنی جنگلے بھی اکھاڑ کرکباڑیوں کے ہاتھوں فروخت کر نے شروع کررکھے ہیں جس کی وجہ سے خواتین ،معصوم بچوں سمیت معمر شہریوں کو فٹ پاتھ کی سہولت میسر نہ ہونے کیوجہ سے سڑکوں پر سے پیدل چلنا پڑتا ہے جس کے باعث حادثات میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی ، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے مطالبہ کیاہے کہ شاندار چوک کے اطراف میں موجود فٹ پاتھوں کو دکانداروں سے واگزار کرواکے شہریوں کو آمد ورفت کے لئے کھولا جائے تاکہ شہری بغیر کسی جانی و مالی نقصان کے پیدل آمدو رفت جاری رکھ سکیں۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.