ضلع جہلم میں لاکھوں پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کو نوٹس ارسال نہ کیے جانے کا انکشاف

جہلم: ضلع جہلم سمیت پنجاب بھر میں پراپرٹی ٹیکس کے 11 لاکھ 27 ہزار سے زائد نادہندگان کو محکمہ ایکسائز کے عملے کی مبینہ ملی بھگت اور غفلت کے سبب ٹیکس ادائیگی کے نوٹسسز تاحال ارسال نہ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے ذمہ داران نے پراپرٹی ٹیکس کے ہدف کی تکمیل کیلئے ریکارڈ کا جائزہ لیا تو معلوم ہوا کہ اس وقت پنجاب میں 11 لاکھ سے زائد نادہندگان موجود ہیں لیکن عرصہ دراز سے محکمہ ایکسائز کی جانب سے انہیں ٹیکس ادائیگی کے نوٹسز ہی ارسال نہیں کیے گئے۔
راولپنڈی ریجن جس میں جہلم،چکوال، اٹک اور راولپنڈی شامل ہیں میں 1 لاکھ 22 ہزار، لاہور ریجن اے میں 2 لاکھ 8 ہزار، فیصل آباد میں 1 لاکھ 66 ہزار پراپرٹی ٹیکس نادہندگان پائے گئے۔
ملتان ریجن میں 1 لاکھ، گوجرانوالہ ریجن 1 لاکھ 10 ہزار، بہاولپور یجن میں 75 ہزار، گجرات ریجن 70 ہزار، لاہور ریجن بی میں 67 ہزار ، لاہور ریجن ڈی میں 66 ہزار، سرگودھا ریجن میں56 ہزار، ساہیوال ریجن میں 40 ہزار جبکہ ڈی جی خان ریجن میں 46 ہزار نادہندگان موجود ہیں۔ ڈی جی ایکسائز کے نوٹس کے بعد رواں ماہ کے دوران 2 لاکھ 8 ہزار نوٹس جاری کیے جاچکے ہیں جن میں سے 1 لاکھ 7 ہزار نوٹس فیصل آباد ریجن اور 1 لاکھ نوٹس گوجرانوالہ ریجن کے ٹیکس نادہندگان کو جاری کیے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں ڈی جی ایکسائز نے پراپرٹی ٹیکس کے حوالے سے غیر معمولی استثنیٰ دیے جانے کا بھی نوٹس لیتے ہوئے مختلف ایکسائز ریجنز میں 16 فیصد سے لے کر 20 فیصد تک پراپرٹی ٹیکس استثنیٰ پردینے کی جانچ پڑتال شروع کرادی ہے۔ امسال پراپرٹی ٹیکس وصولی کا ہدف 20 ارب روپے ہے جس میں سے 15 ارب روپے کے لگ بھگ وصول کیا جا چکا ہے۔
اس وقت پنجاب کی سطح پر پراپرٹی ٹیکس میں دی جانے والی استثنیٰ کی شرح 19 اعشاریہ 4 فیصد بیان کی گئی ہے جس میں سب سے زیادہ رعایت 24 اعشاریہ 1 فیصد ساہیوال میں دی گئی۔ لاہور ریجن ڈی میں 23 اعشاریہ 3 فیصد، ملتان ریجن میں 21 اعشاریہ 7 فیصد، بہاولپور ریجن میں 21 اعشاریہ 4 فیصد، فیصل آباد ریجن میں 21 اعشاریہ 3 فیصد، لاہور ریجن اے 20 اعشاریہ 5 فیصد، ڈی جی خان میں 20 اعشاریہ 6 فیصد جبکہ راولپنڈی میں 16 اعشاریہ 8 فیصد پراپرٹی ٹیکس سے استثنیٰ دیا گیا ہے