جہلم شہر اور مضافاتی علاقوں میں قد آور قاتل ہورڈنگ بورڈز کی بھرمار

جہلم: شہر اور مضافاتی علاقوں میں قد آور قاتل ہورڈنگ بورڈز کی بھرمار، اندرون شہر کی سڑکوں، پلازوں، دکانوں، مارکیٹوں کی چھتوں پر غیر قانونی طور پر بغیر منظوری کے انتظامیہ نے درجنوں ہورڈنگ بورڈز نصب کروا دیئے جو کسی بھی وقت کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔
ہورڈنگ بورڈ نصب کر نے کا طریقہ کار بھی غیر معیاری ہے، ان غیر قانونی ہورڈنگ بورڈز کو لگانے میں بھی مروجہ قانون کی دھجیاں اڑا دی گئیں جبکہ سڑک کے اطراف لگائے گئے بورڈز ٹریفک حادثات کو دعوت دیتے نظر آتے ہیں، جہازی سائز والے ہورڈنگ بورڈز اہم سڑکوں چوک چوہراہوں سے چند فٹ کے فاصلے پر نصب کروا دیئے گئے ہیں، جو کسی بھی وقت آندھی یا طوفان آنے سے جانی و مالی نقصان کا باعث بن سکتے ہیں۔
شہریوں نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کی سڑکوں، عمارتوں پر نصب ہورڈنگ بورڈز کو فوری ویران سڑکوں پر منتقل کرانے کے احکامات جاری کیے جائیں تاکہ شہر میں کسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقع پیش نہ آ سکے۔