جہلم: پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی کے باوجود کرایوں میں کمی نہ ہو سکی

0 55

جہلم: جنرل بس اسٹینڈ سے اندرون ضلع اور بین الاضلاعی روٹس پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے مالکان نے حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی کے باوجود کرایوں میں پھوٹی کوڑی کی کمی بھی نہ کی جبکہ اندرون ضلع چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ اور اندرون شہرچلنے والے چنگ چی رکشہ مالکان نے بھی مسافروں کو کسی قسم کا ریلیف نہ دیا۔ ٹرانسپورٹروں کی من مانیوں کے نتیجے میں ٹرانسپورٹرز اور مسافروں کے درمیان گالم گلوچ اور لڑائی جھگڑے روزانہ کا معمول بن چکے ہیں۔

اس سلسلے میں مسافروں سمیت عوامی، سماجی، رفاعی، فلاحی، شہری تنظیموں کے عمائدین نے جنرل بس اسٹینڈ سے اندرون ضلع اور دیگر شہروں اور اندرون شہر چلنے والے رکشوں کی لوٹ مار بارے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے رواں ماہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 سے 30 روپے فی لٹر کمی کا اعلان کیا ہے، جس پر 15 مئی سے 30 مئی تک عملدرآمد شروع ہو چکا ہے۔ لیکن ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں کمی کرنے کی بجائے از خود کرایوں میں اضافہ کرکے وصولیاں شروع کررکھی ہے ، جبکہ سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے اس حوالے سے مکمل خاموشی اختیار کررکھی ہے ۔

مسافروں نے بتایا کہ وفاقی وزیر خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی تھی کہ 16 مئی سے مسافروں کو ریلیف دینے کے لئے کرایوں میں کمی کی جائے دوسری جانب ٹرانسپورٹرز نے وفاقی وزیرخزانہ کے احکامات ہوا میں اڑتے ہوئے من مرضی کے کرایوں کی وصولی شروع کررکھی ہے ۔

شہری تنظیموں نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر راولپنڈی ، سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.