سورج نے آنکھ کیا دکھائی واپڈا بے بس، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا آغاز، شہری پریشان

جہلم: سورج نے آنکھ کیا دکھائی واپڈا بے بس دکھائی دینے لگا، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا آغاز کر دیا گیا، شہریوں کو مشکلات کا سامنا، واپڈا اور محکمہ سوئی گیس کے مابین مقابلہ جاری، کئی گھنٹے بجلی اور سوئی گیس کی بندش عوامی مسائل میں شدید اضافہ ہونے لگا۔
شہر کی سماجی ، رفاعی ، فلاحی ، شہری تنظیموں کے عمائدین نے اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بجلی اور سوئی گیس کے محکموں نے ایک دوسرے کے ساتھ ریس لگا رکھی ہے جس کا نقصان صارفین کو بھگتنا پڑرہاہے ۔ واپڈا نے غیر اعلانیہ لود شیڈنگ جبکہ سوئی گیس کے ارباب اختیار نے بھی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، جس کے باعث کارروباری سرگرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کلینکوں میں مریضوں کو شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کے باعث شہریوں میں بے چینی بڑھتی جا رہی ہے۔ گرمی کی شدت میں اضافہ ہونے کے ساتھ ہی واپڈا کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ طول پکڑتا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ سوئی گیس بھی جیسے صارفین سے کوئی بدلہ لینے کا موقع ہاتھ سے نہیں جانے دے رہا جس کے باعث صارفین شدید پریشانی میں مبتلا ہو چکے ہیں، صارفین کو بجلی اور گیس کی عدم فراہمی کے باعث نہ پینے کے لئے پانی دستیاب ہے اور نہ ہی کھانا تیار ہو سکتا ہے۔